عالمی امن اور جنگوں کے خاتمے کے لیے مذہبی قیادت کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا، حافظ طاہر محمود اشرفی

عالمی امن اور جنگوں کے خاتمے کے لیے مذہبی قیادت کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا، حافظ طاہر محمود اشرفی

لندن۔14ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام، جنگوں اور تنازعات کے خاتمے اور بے گناہ انسانیت کو تشدد، دہشت گردی اور انتہاپسندی سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی مذہبی قیادت کو اپنا مؤثر، فعال اور مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔لندن میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات انتہائی تشویشناک ہیں، فلسطین کا مسئلہ، خلیج کی موجودہ صورتحال، مسئلہ کشمیر، بعض افریقی ممالک میں جاری جنگیں اور متشدد و انتہاپسند تحریکوں کی جانب سے بے گناہ انسانوں کو نشانہ بنایا جانا پوری انسانیت کے لیے سنگین چیلنج ہے۔

ایسے حالات میں عالمی مذہبی قیادت محض تماشائی نہیں رہ سکتی، اسے جنگ، تشدد، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے اور مذاکرات و مکالمے کے فروغ کے لیے آگے بڑھ کر عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام سمیت دنیا کے تمام مذاہب کے ماننے والے اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ان کے مذاہب کی بنیادی تعلیمات امن، محبت، عدل، انسانی جان کے احترام اور پرامن بقائے باہمی کی ہیں۔

مذہب کا نام لے کر بے گناہ انسانوں کو قتل یا نشانہ بنانے والے نہ مذہب کی خدمت کرتے ہیں اور نہ ہی وہ کسی مذہب کے حقیقی نمائندہ ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنگ، نفرت، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مقابلے میں تمام مذاہب کی قیادت کو مشترکہ طور پر امن، انصاف اور احترامِ انسانیت کے بیانیے کو مضبوط کرنا ہوگا۔ دنیا کے تنازعات کا حل مزید جنگوں اور تشدد میں نہیں بلکہ مذاکرات، مکالمے، انصاف اور بین الاقوامی قوانین کے احترام میں تلاش کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت پاکستان علماء کونسل کی قیادت نے دنیا کے مختلف مذاہب کے اہم مذہبی قائدین کے ساتھ مشاورت اور رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تاکہ عالمی مذہبی قیادت کو امن اور انسانیت کے تحفظ کے لیے ایک مؤثر مشترکہ آواز اور عملی جدوجہد پر متحد کیا جا سکے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ انشاء اللہ اس مشاورتی عمل کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے اور مختلف مذاہب کی عالمی قیادت جنگوں اور تنازعات کے خاتمے، مظلوم اور بے گناہ انسانیت کے تحفظ، دہشت گردی و انتہاپسندی کے سدباب اور عالمی امن کے قیام کے لیے ایک مضبوط اور مشترکہ کردار ادا کرے گی۔

مزید خبریں