ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں پاکستان پویلین کا افتتاح، پاکستان کے ادبی، تعلیمی، ثقافتی اور فکری ورثے کی عکاسی کرنے والی متنوع مطبوعات پیش کی گئیں

ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر2026 میں پاکستان پویلین کا افتتاح پیرکو یہاں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے کیا۔

ابوظہبی ۔14ستمبر (اے پی پی):ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر2026 میں پاکستان پویلین کا افتتاح پیرکو یہاں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان کی اشاعتی اور ادبی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی، جن میں نیشنل بک فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز مراد علی مہمند، بک کارنر پاکستان کے ڈائریکٹر امر شاہد اور اردو بکس ورلڈ کے شریک بانی سرمد خان شامل تھے۔سفارت خانہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان پویلین میں پاکستان کے ادبی، تعلیمی، ثقافتی اور فکری ورثے کی عکاسی کرنے والی متنوع مطبوعات پیش کی گئی ہیں۔ پویلین میں نیشنل بک فاؤنڈیشن، بک کارنر پاکستان اور پاکستان کے دیگر معروف ناشرین کی کتب شامل ہیں، جن میں اردو و انگریزی ادب، بچوں کی کتب، تعلیم، تاریخ، ثقافت، مذہب، شاعری، افسانہ، سوانح حیات اور عصری موضوعات پر مبنی تصانیف شامل ہیں۔افتتاح کے بعد سفیر پاکستان شفقت علی خان نے پاکستان پویلین کا دورہ کیا اور شریک ناشرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستانی ادب کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کی ادبی و ثقافتی موجودگی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے سفارتخانے کی جانب سے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔سفیر پاکستان نے ابوظہبی عربی زبان مرکز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سعید حمدان الطنیجی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ادب، اشاعت، ترجمہ، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سفیر پاکستان نے ابوظہبی عربی زبان مرکز کی ان کاوشوں کو بھی سراہا جن کے ذریعے سالانہ کتاب میلے میں دنیا بھر سے ناشرین، مصنفین اور ثقافتی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جاتا ہے۔پاکستان پویلین ہال 5، اسٹینڈ5E24 سینٹر ADNEC، ابوظہبی میں واقع ہے اور 13 سے 18 ستمبر 2026 تک روزانہ صبح 9:00 بجے سے رات 10:00 بجے تک عوام کے لیے کھلا رہے گا۔ پویلین میں آنے والے افراد کو پاکستان کے ادبی اور اشاعتی منظرنامے سے آگاہ ہونے اور پاکستانی کتب و تصانیف کا مطالعہ کرنے کا موقع ملے گا۔

مزید خبریں