آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد سہیل چوہدری نے شہر بھر کا دورہ کیا اور امن و امان اور پولیس کی فیلڈ ڈپلائمنٹ کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور وفاقی دارالحکومت میں پرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لانے کے احکامات جاری کئے۔
آئی جی اسلام آباد کا شہر بھر کا دورہ، امن و امان اور پولیس کی فیلڈ ڈپلائمنٹ کا جائزہ لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد سہیل چوہدری نے شہر بھر کا دورہ کیا اور امن و امان اور پولیس کی فیلڈ ڈپلائمنٹ کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور وفاقی دارالحکومت میں پرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لانے کے احکامات جاری کئے۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد سہیل چوہدری نے شہر بھر کا دورہ کیا اور وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سکیورٹی انتظامات، پولیس کی فیلڈ ڈپلائمنٹ، آپریشنل تیاریوں، رسپانس میکنزم اور فیلڈ فورس کی تعیناتی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سینئر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔آئی جی اسلام آباد نے مختلف مقامات پر سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور موقع پر سکیورٹی و پولیس انتظامات کا معائنہ کیا۔ سینئر افسران نے انہیں شہر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، پولیس آپریشنز اور فیلڈ ڈپلائمنٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی اسلام آباد نے متوقع لاءاینڈ آرڈر کی صورتحال کے تناظر میں پولیس کی آپریشنل تیاریوں، رسپانس میکنزم اور فیلڈ فورس کی تعیناتی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ امن و امان میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل الرٹ رہیں اور اپنے فرائض مستعدی سے انجام دیں۔آئی جی اسلام آباد نے مزید ہدایت کی کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور وفاقی دارالحکومت میں پرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لایا جائے۔
پولیس افسران و جوان پوری ذمہ داری، پیشہ ورانہ جذبے اور مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان کے قیام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائی، شہریوں کی سہولت کے لیے اقدامات اور پبلک فرینڈلی پولیسنگ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام، شہریوں کو بروقت اور موثر پولیس سروسز کی فراہمی اور عوام کے ساتھ بہتر رویے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ اور قانون کی عملداری کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پیشہ ورانہ پولیسنگ کو مزید مضبوط بنائے گی۔








