وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کے لیے سبسڈی کے آسان حصول کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی عوام کیلئے سبسڈی کے آسان حصول کیلئے انتظامیہ، رضاکاروں اور پٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کے لیے سبسڈی کے آسان حصول کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم سپیشل ریلیف سکیم پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔پی ایم سپیشل ریلیف سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نےعوام کے لیے سبسڈی کے آسان حصول کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت ڈیسک پر موجود افراد سکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں،عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوام میں سکیم سے متعلق کسی بھی قسم کی آگاہی کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی سکیم کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد میں سکیم کے پائلٹ کے افتتاح کے بعد اب پورے ملک بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سکیم کا افتتاح کیا جا چکا ہے،اس سکیم کو عوام کے لئے انتہائی آسان فہم بنایا گیا ہے۔
فیول سبسڈی سکیم کی رجسٹریشن کے لئے صرف چار معلومات درکار ہیں،شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کی نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ اس سکیم میں رجسٹریشن کے لیے درکار چار بنیادی معلومات ہیں۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ فیول سبسڈی سکیم کی مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ www.pmfuelrelief.pk پر دستیاب ہیں، کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے،سکیم کو ملک گیر سطح پر نافذ کرنے کے لیے صوبائی حکومتیں بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔








