جنگلی پرندوں کے غیرقانونی شکار و تجارت میں ملوث 13 ملزمان گرفتار

سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگ زیب کی زیر قیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات وپارکس پنجاب کی صوبہ میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار اور تجارت کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائیوں کا سلسلہ بلاامتیاز جاری ہے

لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگ زیب کی زیر قیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات وپارکس پنجاب کی صوبہ میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار اور تجارت کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائیوں کا سلسلہ بلاامتیاز جاری ہے،جس کے نتیجے میں وائلڈلائف رینجرز نے لاہورشہر سمیت صوبہ کے دیگر اضلاع سے اڑیال،فالکن،کونجوں،بٹیر اور طوطوں کے غیرقانونی شکار اور تجارت میں ملوث 13ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے 90زندہ بٹیر ،انواع و اقسام کے 12طوطے ایک کونج بازیاب کروالی جبکہ بٹیر کے 13نیٹنگ گیئرز،ایک بندوق،کارتوس اور ایک چھری برآمد کرکے 7ملزمان کو 2لاکھ 27ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ عائد کیا اور 6ملزمان کے خلاف مقامی تھانوں میں ایف آئی آرز درج کروادیں۔

ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈلا ئف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرلاہور نے تحصیل ماڈل ٹائون کے علاقے سے جنگلی پرندوں کی آن لائن خریدو فروخت میں ملوث ایک ملزم گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ایک کونج برآمد کرلی اور اس کے خلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی۔دوسری کارروائی میں لاہور کینٹ کے علاقہ میں ایک ملزم گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے انواع واقسام کے 12طوطے بازیاب کروا کر ملزم کے خلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی۔

ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ساہیوال ریجن سید عثمان الحسن کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز ساہیوال نے بٹیر کے غیرقانونی 4نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے ملزمان کو مبلغ 87ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ عائد کیا۔ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرملتان ریجن رائے زاہد علی خان کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز خانیوال نے بٹیر کے 2نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر مظفر گڑھ عبدالرحمن نے فالکن کی غیرقانونی نیٹنگ میں مصروف 2ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کو 50ہزار جرمانہ کیاجبکہ دوسرے کے خلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر راجن پور صائمہ محسن نے 2 غیرقانونی ڈیلرز سے 90زندہ جنگلی بٹیر برآمد کرکے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرادیں جبکہ بازیاب کروائے گئے تمام بٹیر عدالتی حکم پر قدرتی ماحول میں آزاد کئے۔

اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر لیہ سدر المنتہی نے 7بٹیر نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر بہاولپور ریجن مجاہد کلیم کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز بہاولپور اور رحیم یار خان نے 2بٹیر نیٹنگ کرنیوالے شکاری گرفتار کرکے انہیں مبلغ 90ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجرارشد ناز نے اڑیال کے ایک غیرقانونی شکاری کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے بندوق اور چھری برآمد کرکے ایف آئی آر درج کروادی۔