حرمین شریفین کا تحفظ دنیا بھر کے مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی اور غیر متزلزل تقاضا ہے،زاہد بختاوری

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ و صدر مرکزی تنظیم تاجران کنٹونمنٹ رجسٹرڈ راولپنڈی زاہد بختاوری نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کا تحفظ دنیا بھر کے مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی اور غیر متزلزل تقاضا ہے

راولپنڈی۔18ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ و صدر مرکزی تنظیم تاجران کنٹونمنٹ رجسٹرڈ راولپنڈی زاہد بختاوری نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کا تحفظ دنیا بھر کے مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی اور غیر متزلزل تقاضا ہے، مقدس مقامات کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت حرمین شریفین کا تقدس و تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ مقدس مقامات کے خلاف کسی بھی ناپاک سازش یا شرپسندانہ کارروائی کو امت مسلمہ کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔

زاہد بختاوری نے کہا کہ حرمین شریفین کے تقدس کے خلاف کسی بھی اقدام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوتے ہیں، اس لیے اسلامی ممالک اور مسلم قیادت کو موجودہ صورتحال میں ذاتی مفادات، سیاسی مصلحتوں اور مسلکی تفریق سے بالاتر ہو کر متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک باہمی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔ مقدس مقامات کی حرمت اور سلامتی کے معاملے پر پوری امت مسلمہ متحد ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا تقسیم کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام، کعبۃ اللہ اور حرمین شریفین کے خلاف کسی بھی ناپاک عزائم کا مقابلہ اتحاد

اتفاق اور باہمی تعاون سے کیا جا سکتا ہے، مسلم دنیا کو موجودہ حالات میں واضح اور متفقہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے مقدس مقامات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔