ڈپٹی کمشنر کیچ کا شہریوں کی شکایات پر گداگروں کے خلاف نوٹس ،انتظامی افسران کو کارروائی کی ہدایت

کوئٹہ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے مختلف علاقوں میں گداگروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے حوالے سے شہریوں کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ انتظامی افسران کو کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہریوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ تربت شہر کے مختلف بازاروں، تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر گداگروں کی تعداد میں …

کوئٹہ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے مختلف علاقوں میں گداگروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے حوالے سے شہریوں کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ انتظامی افسران کو کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہریوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ تربت شہر کے مختلف بازاروں، تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر گداگروں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث شہریوں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ عوامی شکایات پر ڈپٹی کمشنر کیچ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر تربت و بلیدہ ابوبکر میروانی کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت کے تحت متعلقہ انتظامی حکام کو کہا گیا ہے کہ ضلع کیچ میں گداگری میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور مختلف مقامات پر موجود گداگروں کو حراست میں لے کر ان کی شناخت اور کوائف کی جانچ پڑتال کی جائے۔ ایسے افراد جو ضلع کیچ کے مستقل رہائشی نہیں ہیں، انہیں قانونی ضابطے کے مطابق ان کے آبائی علاقوں کو بھجوانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گداگری کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون کے ساتھ کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے انجمن تاجران کیچ سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری گداگروں کے خلاف انتظامیہ کی کارروائی میں معاونت کرے اور ایسے افراد کی نشاندہی میں ضلعی انتظامیہ سے تعاون کیا جائے۔ترجمان انتظامیہ نے کہا ہے کہ کارروائی کا مقصد شہر میں عوامی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے ساتھ شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنا ہے۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کارروائی کے دوران قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اور کسی بھی فرد کے خلاف کارروائی قانون و ضابطے کے مطابق کی جائے۔ڈپٹی کمشنر کیچ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ گداگری سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کارروائی کو مؤثر بنایا جائے اور صورتحال کی نگرانی جاری رکھی جائے۔