طارق سعید مروت کی کوہاٹ میں دھماکے کی شدید مذمت، واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی ہدایت

:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید مروت نے کوہاٹ میں پرانا پولیس لائن کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے

پشاور۔ 18 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید مروت نے کوہاٹ میں پرانا پولیس لائن کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اپنے بیان میں معاونِ خصوصی نے کہا کہ ایسے بزدلانہ واقعات سے امن و امان کو متاثر کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحرک ہیں۔طارق سعید مروت نے متعلقہ حکام کو واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے ذمہ دار عناصر اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور عوام کے تحفظ اور پائیدار امن کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔معاونِ خصوصی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا معلومات کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔