پشاور میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ جاری، 16 ہزار 502 امیدوار شریک

پشاور میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ جاری ہے جس میں 16 ہزار 502 سے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں،ا ن میں 8 ہزار 226 طالبات شامل ہیں

پشاور۔ 20 ستمبر (اے پی پی):پشاور میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ جاری ہے جس میں 16 ہزار 502 سے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں،ا ن میں 8 ہزار 226 طالبات شامل ہیں ۔ کمشنر پشاور کے مطابق ٹیسٹ کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کےلیے پیسکو کو 28 متعلقہ فیڈرز کی فہرست فراہم کی گئی جبکہ پیسکو حکام نے ان فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ٹیسٹ کو شفاف بنانے اور نقل کی روک تھام کے لیے پاکٹ گائیڈز کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پاکٹ گائیڈز تحویل میں لی گئی ہیں۔ امتحانی مراکز کے اطراف غیر متعلقہ افراد کے جمع ہونے اور کھڑے ہونے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہے۔اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو امتحانی مراکز کے دورے کرکے انتظامات، سہولیات اور نقل کی روک تھام کی نگرانی کریں گی۔ سکیورٹی کےلیے تمام 19 امتحانی مراکز کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کےلیے خصوصی ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے۔