سعودی عرب کے ولی عہد و وزیرِاعظم اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی نیشنل آٹوموٹو کمپنی ’’سیر‘‘ کی پہلی الیکٹرک وہیکل’’ایگزوبوٹ‘‘ متعارف کرا دی
سعودی عرب کی پہلی الیکٹرک وہیکل ’’ایگزوبوٹ‘‘ متعارف

مزید خبریں
ریاض۔22ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد و وزیرِاعظم اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی نیشنل آٹوموٹو کمپنی ’’سیر‘‘ کی پہلی الیکٹرک وہیکل’’ایگزوبوٹ‘‘ متعارف کرا دی۔ اردو نیوز کے مطابق اس موقع پر سعودی ولی عہد نے کہا کہ سیر کمپنی کی پہلی الیکٹرک وہیکل کی لانچنگ مملکت میں پائیدار اور ترقی یافتہ صنعتی نظام کی تشکیل اور استحکام کے سفر میں اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت میں سرمایہ کاری کے فروغ، قومی صلاحیتوں کو با اختیار بنانے اور نجی شعبے کے کردار کو مضبوط بناتے ہوئے آٹوموبائل انڈسٹری کو اقتصادی ترقی کے ایک بنیادی ستون کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ سعودی عرب اس شعبے میں علاقائی اور عالمی سطح پر ایک نمایاں مرکز بن سکے۔ خیال رہے کہ’’ سیر‘‘ کمپنی کی تیار کردہ ایگزوبوٹ سیڈان اور ایس یو وی (فورویل) دونوں اقسام میں تیار کی گئی پہلی پروڈکشن ہے۔ کمپنی آئندہ 5 سال میں مجموعی طورپر سات ماڈلز مرحلہ وار لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ان میں درمیانے اور چھوٹے سائز کی گاڑیوں کے علاوہ مختلف ڈرائیو سسٹمز شامل ہوں گے۔ کمپنی کنگ عبداللہ اکنامک سٹی کے تحت کنگ سلمان آٹوموٹیو انڈسٹری کمپلیکس میں قائم ہے۔ یہ مرکز مشرق وسطیٰ کی سطح پر اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور دنیا کے جدید ترین آٹوموبائل مینو فیکچرنگ مراکز میں شمار ہوگا۔ نئی لانچ کی جانے والی گاڑی ’’ایگزوبوٹ‘‘ کا ڈیزائن انتہائی منفرد ہے۔ اس کی ڈیزائننگ اور انجینئرنگ مقامی سطح پر کی گئی ہے جبکہ ان کی تیاری میں عالمی معیار کی تمام خصوصیات وسہولتوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ توقع ہے کہ 2034 تک’’سیر‘‘سعودی عرب کی جی ڈی پی میں 30 ارب سعودی ریال سے زیادہ کا حصہ شامل کرےگی جبکہ تجارتی توازن میں تقریباً 80 ارب ریال کی نمو ہو گی۔








