راولپنڈی میں 3 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے

راولپنڈی میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوران 3 لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں 23 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جا چکی ہے

راولپنڈی۔22ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوران 3 لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں 23 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جا چکی ہے۔انسداد پولیو پروگرام کے مطابق لاہور میں 4 لاکھ 54 ہزار، ملتان میں 3 لاکھ 22 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے جبکہ صوبے کے 10 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کی مہم جاری ہے۔ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں مناسب تیاری نہ ہونے کے باعث انسداد پولیو مہم موخر کردی گئی ہے۔ راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور مظفرگڑھ میں مہم موخر کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع کو انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انسداد پولیو پروگرام پنجاب کے سربراہ خالد پرویز نے مہم کی موثر نگرانی اور سو فیصد کوریج یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو وائرس کے دوبارہ داخلے کے خطرے کے پیش نظر کوئی بچہ نظر انداز نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مشکل رسائی والے علاقوں اور متحرک آبادیوں تک پولیو ویکسین پہنچانا اولین ترجیح ہے جبکہ پنجاب کو پولیو وائرس سے پاک رکھنے کے لیے ہر انسداد پولیو مہم کو موثر بنانا ہوگا۔خالد پرویز نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانا ہمارا مشترکہ عزم ہے۔