پاکستان کے سپنر ابرار احمد نے پہلی مرتبہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل باولنگ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی
ابرار احمد نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل باولنگ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی

مزید خبریں
لاہور۔23ستمبر (اے پی پی):پاکستان کے سپنر ابرار احمد نے پہلی مرتبہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل باولنگ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی۔ راشد خان کے بھارت کے خلاف آخری میچ میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھانے کے بعد وہ ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے، جس کے نتیجے میں ابرار احمد نے عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن سنبھال لی۔ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل باولنگ رینکنگ میں نمبر ون بننے والے پاکستان کے پانچویں باولر ہیں۔ ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ راشد خان نے 736 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تقریبا چھ ماہ تک ٹاپ پوزیشن اپنے نام کیے رکھی۔آئی سی سی کی تازہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی کی بدولت پانچ درجے ترقی کرکے کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
انہوں نے سیریز میں 170 رنز بنائے، جس میں پہلے میچ میں ناقابل شکست 114 رنز کی اننگز بھی شامل تھی۔انگلینڈ کے جوز بٹلر 172 رنز بنانے کے بعد دو درجے ترقی کرکے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ بھارت کے کپتان شریاس ایئر سات درجے بہتری کے ساتھ مشترکہ طور پر 22ویں پوزیشن پر آگئے۔باولنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے 47 درجے ترقی کرکے کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ لیام ڈاسن 11ویں، بھارت کے اکشر پٹیل 15ویں اور روی بشنوئی 35ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ون ڈے رینکنگ میں زمبابوے کے کپتان سکندر رضا پانچ درجے ترقی کرکے 24ویں پوزیشن پر آگئے جبکہ آسٹریلیا کے جوش انگلس 30ویں اور زمبابوے کے کریگ ارون 65ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ آسٹریلیا کے نیتھن ایلس باولنگ میں تین درجے ترقی کے بعد 17ویں جبکہ سری لنکا کے اسیتھا فرنینڈو 30ویں نمبر پر آگئے ہیں۔








