کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) سلمان غنی کی ہدایات پر راولپنڈی میں غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں
آر ڈی اے کا بینکرز کالونی میں مشترکہ انسداد تجاوزات آپریشن

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 23 ستمبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) سلمان غنی کی ہدایات پر راولپنڈی میں غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ بدھ کو آر ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی آفس ٹیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرانفورسمنٹ کی ٹیم اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی فورس کے ہمراہ بینکرز کالونی راولپنڈی کی سٹریٹ نمبر 16 میں مشترکہ انسداد تجاوزات آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران عوامی گزرگاہ پر قائم تجاوزات اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں جبکہ متاثرہ جگہ کو متعلقہ قوانین و ضوابط کے مطابق کلیئر کر دیا گیا۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ عوامی گزرگاہوں پر تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور عوام کے راستوں کو محفوظ بنانے اور گزرگاہوں کو بلا رکاوٹ رکھنے کے لیے قانون کے مطابق مشترکہ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ فیلڈ ٹیموں کو علاقے کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمشنر راولپنڈی نے آر ڈی اے کو تمام تجاوزات اور غیر قانونی رہائشی و کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی ہدایت کر رکھی ہے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی عمارات کی منظوری، کمرشلائزیشن، کمپلیمنٹری نقشہ جات اور تعمیراتی منصوبوں سے متعلق فیس اور چارجز کا جامع سروے کرنے اور قابل اطلاق قوانین و ضوابط کے تحت جہاں ممکن ہو غیر قانونی رہائشی و کمرشل عمارات کو ریگولرائز کرنے کے لیے ضروری کارروائی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر لینڈ/انچارج انفورسمنٹ آر ڈی اے غضنفر علی اعوان نے کی۔ بلڈنگ سرویئر عامر محمود ملک نے آر ڈی اے انفورسمنٹ سٹاف، ڈپٹی کمشنر آفس کی ٹیم، اے ڈی سی ای ٹیم اور پیرا فورس کے ہمراہ آپریشن میں حصہ لیا۔








