نوجوان کرکٹر مسلسل محنت اور جدوجہد سے اپنا مقام بنا سکتے ہیں، سرفراز احمد

نوجوان کرکٹر مسلسل محنت اور جدوجہد سے اپنا مقام بنا سکتے ہیں، سرفراز احمد

راولپنڈی۔23ستمبر (اے پی پی):سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑی مسلسل محنت اور جدوجہد سے اپنا مقام بنا سکتے ہیں، حیدر سی سی کی ٹیم نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، امید ہے کہ ٹیم پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

انہوں نے کے سی سی سٹیڈیم میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ میں شریک حیدر سی سی کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ ٹیم نے گزشتہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو سلور کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا ہے، نامور کھلاڑیوں کے بغیر شاندار کارکردگی قابل تعریف ہے۔

سرفراز احمد نے ٹیم مینجمنٹ اور آنر سید محمد رضا کی کاوشوں کو سراہا اور کھلاڑیوں کو کھیل کے حوالے سے مفید مشورے اور ٹپس بھی دیں۔ حیدر سی سی پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ میں اپنا دوسرا میچ نیشنل بینک کے خلاف ایچ بی ایل سپورٹس کمپلیکس میں کھیل رہی ہے۔ سید محمد رضا نے بیرون ملک سے ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔