صوبے کے مختلف شہروں میں مرحلہ وار نئی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد صوبے کے مختلف شہروں میں مرحلہ وار نئی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دے رہی ہے

کراچی۔ 23 ستمبر (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد صوبے کے مختلف شہروں میں مرحلہ وار نئی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ترجیح ہے کہ جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت صرف کراچی تک محدود نہ رہے ، پیپلز بس سروس کے دائرہ کار کو مسلسل بڑھایا جا رہا ہے ، نئے روٹس کا مقصد شہریوں کو سستی اور بہتر سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 50ڈبل ڈیکر بسیں 30نومبر تک سندھ پہنچ جائیں گی، جنہیں مختلف روٹس پر چلایا جائے گا ۔ ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد سے مسافروں کو اضافی سفری گنجائش میسر آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ قمبراور شہدادکوٹ میں پیپلز بس سروس کے آغاز کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، لاڑکانہ، قمبر، شہدادکوٹ اور دیگر علاقوں کے شہری جدید بس سروس کو سراہ رہے ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کا منصوبہ سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ایک اہم اضافہ ہوگا، نئی الیکٹرک بسیں شہری علاقوں میں ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔