فریش واٹر ایکشن نیٹ ورک ساؤتھ ایشیاء پاکستان کے تعاون اور غیر سرکاری تنظیم انٹیگریٹڈ ریجنل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام مردان میں موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات کے حوالے سے ایک روزہ آگاہی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا
مردان میں موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات سے نمٹنے پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

مزید خبریں
پشاور۔ 23 ستمبر (اے پی پی):فریش واٹر ایکشن نیٹ ورک ساؤتھ ایشیاء پاکستان کے تعاون اور غیر سرکاری تنظیم انٹیگریٹڈ ریجنل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام مردان میں موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات کے حوالے سے ایک روزہ آگاہی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان ورکشاپ کے مطابق ورکشاپ کا مقصد شرکاء کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث پانی، صفائی اور صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز، ممکنہ آفات کے خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملیوں سے آگاہ کرنا تھا۔ تربیتی نشست کے دوران WASH کے شعبے کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ بنانے، پانی کے وسائل کے بہتر انتظام اور آفات کے دوران صاف پانی اور صفائی کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر آئی آر ایس پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہ ناصر، محمد اسماعیل، انجینئر یوسف اور نوشین سردار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر پانی، صفائی اور ستھرائی کے نظام کو مزید مضبوط اور پائیدار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آفات کے خطرات میں کمی کے لیے متعلقہ اداروں، ماہرین اور کمیونٹی کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔مقررین نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ تربیتی ورکشاپ سے حاصل ہونے والی معلومات کو اپنے متعلقہ علاقوں میں عملی طور پر بروئے کار لائیں تاکہ موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے نتیجے میں پیدا ہونے والے WASH سے متعلق مسائل کو کم کیا جا سکے۔ ورکشاپ میں موسمیاتی خطرات کے مقابلے کے لیے مقامی سطح پر تیاری، آگاہی اور مربوط اقدامات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔







