پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں صوبائی محکمہ ثقافت و سیاحت کی جانب سے قائم کیے گئے جدید موٹیل کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ نے فریال تالپور کا استقبال کیا اور انہیں موٹیل کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔
رہنما پی پی پی فریال تالپور نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں موٹیل کا افتتاح کردیا

مزید خبریں
لاڑکانہ۔ 24 ستمبر (اے پی پی):پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں صوبائی محکمہ ثقافت و سیاحت کی جانب سے قائم کیے گئے جدید موٹیل کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ نے فریال تالپور کا استقبال کیا اور انہیں موٹیل کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔
فریال تالپور نے موٹیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں عوام کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ذوالفقار علی شاہ نے فریال تالپور کو موٹیل کی تعمیر، دستیاب سہولیات، انتظامات اور عوام کے لیے فراہم کیے جانے والے دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا کہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں موٹیل کے قیام سے ملک کے دور دراز علاقوں سے آنے والے عوام کو رہائش اور دیگر ضروری سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ شہدائے جمہوریت کی آخری آرام گاہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں ملک بھر سے عوام عقیدت کے اظہار کے لیے آتے ہیں، اس لیے یہاں آنے والے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنا قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔
فریال تالپور نے کہا کہ گڑھی خدا بخش بھٹو کی تاریخی اہمیت اور عوامی عقیدت کے پیش نظر یہاں فراہم کی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے موٹیل کے قیام کو اس سلسلے میں اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی سے گڑھی خدا بخش بھٹو آنے والے زائرین کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں آنے والے عوام کی سہولت کے لیے بنیادی و ضروری سہولیات کی فراہمی اور انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے افراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے صدر و رکن قومی اسمبلی خورشید احمد جونیجو، رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو، رکن سندھ اسمبلی سہیل انور سیال، پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے جنرل سیکرٹری و ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین اعجاز احمد لغاری، عبدالفتاح بھٹو اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات، عمائدین اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔








