ترقی کے حق کے لیے نئی کوششوں کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے حکام اور رکن ممالک کے نمائندوں نے ترقی کے حق کے لیے نئی اور مؤثر کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ترقی کے حق سے متعلق اعلامیے کی منظوری کی 40ویں سالگرہ کی مناسبت سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں مقررین نے عالمی ترقی کی صورتحال اور درپیش چیلنجز …

اقوام متحدہ ۔24ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے حکام اور رکن ممالک کے نمائندوں نے ترقی کے حق کے لیے نئی اور مؤثر کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ترقی کے حق سے متعلق اعلامیے کی منظوری کی 40ویں سالگرہ کی مناسبت سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں مقررین نے عالمی ترقی کی صورتحال اور درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔

جنرل اسمبلی کے صدر خلیل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ چار دہائیوں کے دوران انسانی ترقی میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے تاہم یہ تمام خطوں میں یکساں نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ ترقی محض اقتصادی نمو کا نام نہیں بلکہ یہ جامع اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی عمل ہے۔جنرل اسمبلی نے 4 دسمبر 1986 کو ترقی کے حق سے متعلق اعلامیہ منظور کیا تھا جس میں ترقی کو ناقابل تنسیخ انسانی حق تسلیم کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہر فرد اور تمام اقوام کو اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی ترقی میں حصہ لینے، کردار ادا کرنے اور اس کے ثمرات سے مستفید ہونے کا حق حاصل ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا کہ اعلامیہ اس امر کو تسلیم کرتا ہے کہ ترقی، انسانی حقوق اور بین الاقوامی تعاون کو ایک ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں پیش رفت کے باوجود ترقی کے وعدے کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے، بڑھتی عدم مساوات، قرضوں میں اضافہ، تنازعات اور معاشی عدم استحکام ترقی اور اقتصادی نمو کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی اور نئی ٹیکنالوجیز کو بھی بڑھتے ہوئے چیلنجز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل انقلاب زندگیوں کو بہتر بنانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم یہ محرومی اور تقسیم کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔

 

مزید خبریں