جاپان میں جاری 20 ویں ایشین گیمز میں پاکستان کے سکواش کھلاڑیوں نے غیر معمولی اور تاریخ ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل تین شاندار فتوحات اپنے نام کر لیں، جہاں مکسڈ ڈبلز اور مینز سنگلز کے راؤنڈ آف 16 میں فتح سمیٹ کر قومی دستے نے میڈل راؤنڈز کے لیے پوزیشن انتہائی مضبوط کر لی ہے۔
20 ویں ایشین گیمز،سکواش کورٹس میں پاکستان کی تاریخی فتوحات، عاصم اور مہوش کی یادگار واپسی، نور زمان اور محمد عرفان بھی کوارٹر فائنل میں داخل

مزید خبریں
ناگویا۔24ستمبر (اے پی پی):جاپان میں جاری 20 ویں ایشین گیمز میں پاکستان کے سکواش کھلاڑیوں نے غیر معمولی اور تاریخ ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل تین شاندار فتوحات اپنے نام کر لیں، جہاں مکسڈ ڈبلز اور مینز سنگلز کے راؤنڈ آف 16 میں فتح سمیٹ کر قومی دستے نے میڈل راؤنڈز کے لیے پوزیشن انتہائی مضبوط کر لی ہے۔مکسڈ ڈبلز کے راؤنڈ آف 16 میں پاکستان کے محمد عاصم خان اور مہوش علی کی جوڑی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے میزبان جاپان کے کھلاڑیوں ناوکی ہایاشی اور اریسا سانو کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
پاکستانی جوڑی نے ابتدائی گیم 8-11 سے ہارنے کے بعد دوسرے گیم میں شاندار فائٹنگ سپرٹ کا مظاہرہ کیا اور حریف کے مسلسل 3 میچ پوائنٹس بچا کر گیم 10-11 سے اپنے نام کی۔ فیصلہ کن تیسرے گیم میں عاصم اور مہوش نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف جاپانی جوڑی کو 4-11 سے آؤٹ کلاس کر کے تاریخی فتح حاصل کی۔ اس فتح کے ساتھ ہی مہوش علی ایشین گیمز کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی تاریخ ساز ایتھلیٹ بن گئیں۔دوسری جانب مینز سنگلز کے راؤنڈ آف 16 میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار برتری برقرار رہی۔ ابھرتے ہوئے سٹار نور زمان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کویت کے تجربہ کار حریف عمار التمیمی کو مسلسل گیمز میں یکطرفہ طور پر 0-3 سے پچھاڑ کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔
اسی کیٹیگری کے دوسرے مقابلے میں پاکستان کے محمد عرفان نے اپنی زبردست فارم کا تسلسل برقرار رکھا اور سعودی عرب کے محمد النصفان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-3 کے واضح مارجن سے کلین سویپ کر کے ایونٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ قومی سکواش کھلاڑیوں کی اس شاندار پیش قدمی کے بعد ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے ایک سے زائد میڈلز کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔








