گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید نے گورنر ہائوس کراچی میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور مصر کے درمیان مذہبی و تاریخی سیاحت، تعلیم، تجارت، نوجوانوں کے روابط اور کھیلوں سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
گورنر سندھ سید نہال ہاشمی سے مصر کے سفیرکی ملاقات، پاکستان اور مصر کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
کراچی۔ 25 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید نے گورنر ہائوس کراچی میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور مصر کے درمیان مذہبی و تاریخی سیاحت، تعلیم، تجارت، نوجوانوں کے روابط اور کھیلوں سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران مصری سفیر نے مصر کے اہم ساحلی و تجارتی شہر الیگزینڈریا اور کراچی کے درمیان سسٹر سٹیز روابط قائم کرنے کی تجویز پیش کی، جس کا گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔مصری سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید نے کہا کہ الیگزینڈریا اور کراچی دونوں اہم ساحلی و تجارتی شہر ہیں اور دونوں کے درمیان سسٹر سٹیز روابط کے قیام سے پاکستان اور مصر کے عوام کے درمیان براہِ راست روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی اور الیگزینڈریا کے درمیان سسٹر سٹیز روابط کا قیام دونوں ممالک کے تاریخی، ثقافتی اور عوامی تعلقات کو نئی جہت دے سکتا ہے۔
اس اقدام سے دونوں شہروں کے درمیان تجارتی، اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو عوامی سطح پر مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی و تاریخی سیاحت کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی تہذیب، تاریخ اور ثقافتی ورثے سے مزید آگاہ ہوسکتے ہیں۔ ملاقات میں طلبہ کے لیے ایکسچینج پروگرامز اور نوجوانوں کے وفود کے باہمی تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان دونوں ممالک کے مستقبل کا اہم سرمایہ ہیں اور ان کے درمیان روابط میں اضافہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ کھیلوں کے شعبے میں تعائون کے حوالے سے مصری سفیر نے پاکستان اور مصر کے فٹبال کھلاڑیوں کے وفود کے تبادلے اور کراچی میں دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان نمائشی فٹبال میچ کے انعقاد کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوںنے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے عوامی روابط اور دوطرفہ دوستی کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بھی تعائون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ کراچی کی بندرگاہی اور تجارتی حیثیت اور الیگزینڈریا کی اہم بحری و تجارتی حیثیت دونوں شہروں کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے سازگار بنیاد فراہم کرتی ہے۔ گورنر سندھ نے مصری سفیر کو یقین دلایا کہ حکومت اور گورنر ہائوس پاکستان اور مصر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور مصر کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، باہمی روابط بڑھانے اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میںمصری سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید نے گورنر ہائوس کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔








