پنجاب فوڈ اتھارٹی کا راولپنڈی کے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کی عالمی معیار پر سٹار ریٹنگ پروگرام شروع
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا راولپنڈی کے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کی عالمی معیار پر سٹار ریٹنگ پروگرام شروع
راولپنڈی۔29ستمبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) نے راولپنڈی میں ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر فوڈ پوائنٹس کو عالمی معیار کے مطابق جانچنے کے لئے سٹار ریٹنگ پروگرام کے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں ۔ فوڈ پوائنٹس کو صفائی، حفظانِ صحت اور خوراک کے معیار کی بنیاد پر ایک سے پانچ سٹارز تک درجہ بندی دی جائے گی۔حکام نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں ریسٹورنٹس، ہوٹلز، فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹس اور فوڈ کورٹس کا معائنہ کریں گی۔
پروگرام کا مقصد عوامی صحت سے متعلق ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے ساتھ فوڈ بزنس آپریٹرز میں صحت مند مسابقت کو فروغ دینا ہے۔پی ایف اے کے مطابق معائنے کے لئے خوراک کا معیار و تحفظ، کچن اور عملے کی صفائی جبکہ صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو بنیادی پیمانے مقرر کیا گیا ہے۔ انسپکٹرز خام خوراک کے اجزا ءکے معیار، خوراک کو مناسب درجہ حرارت پر محفوظ رکھنے، حلال معیارات پر عملدرآمد، کھانا تیار کرنے کے مقامات کی صفائی، کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے اور کچن سٹاف کے لازمی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس کا جائزہ لیں گے۔
معائنہ مکمل ہونے پر مقررہ معیار پر پورا اترنے والے فوڈ اداروں کو پی ایف اے کی جانب سے کیو آر کوڈ والے سٹار ریٹنگ سرٹیفکیٹس جاری کئے جائیں گے جنہیں مرکزی داخلی دروازے پر نمایاں طور پر آویزاں کرنا ہوگا۔ شہری پی ایف اے کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ریسٹورنٹس کی سرکاری صفائی اور حفظانِ صحت سے متعلق ریٹنگ بھی چیک کر سکیں گے۔حکام کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فوڈ پوائنٹس کو پانچ اسٹار ریٹنگ دی جائے گی جبکہ کم سکور حاصل کرنے والے اداروں کو خامیاں دور کرنے کے لیے مقررہ مدت کے ساتھ وارننگ نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
مقررہ مدت میں خامیاں دور نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔حکام کے مطابق راولپنڈی کے اہم تجارتی مراکز صدر، مری روڈ، کمرشل مارکیٹ اور بحریہ ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں مرحلہ وار معائنے آئندہ چند روز میں شروع کیے جائیں گے۔









