منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے شہر بھر میں سیوریج لائنوں کی صفائی مہم مزید تیز کرنے اور شہریوں کی نکاسی آب سے متعلق شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے
ایم ڈی واسا ملتان کی شہر بھر میں سیوریج لائنوں کی صفائی مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت
ملتان۔ 29 ستمبر (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے شہر بھر میں سیوریج لائنوں کی صفائی مہم مزید تیز کرنے اور شہریوں کی نکاسی آب سے متعلق شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری اور بلا تعطل سہولیات کی فراہمی واسا ملتان کی اولین ترجیح ہے،ان کی ہدایت پر سیوریج سب ڈویژنوں کی ٹیمیں دن رات فیلڈ میں متحرک ہیں اور وینچنگ مشینری و خصوصی ٹیموں کے ذریعے سیوریج لائنوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کا عمل جاری ہے۔
واسا ترجمان کے مطابق پیر کی شب اور منگل کے روز مختلف علاقوں میں بھاری مشینری کے ذریعے سیوریج لائنوں کی صفائی کی گئی اور موصولہ شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔ ایم ڈی واسا نے متعلقہ افسران کو صفائی آپریشن مؤثر بنانے، حفاظتی انتظامات یقینی بنانے اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ سیوریج سے متعلق شکایات کے ازالے میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔دوسری جانب شہر بھر میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار مین ہولز کی مرمت، ڈھکنوں کی تنصیب اور نکاسی آب کے نظام کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔









