سنگاپور میں مگرمچھ کی جعلی اے آئی تصویر پھیلانے پر شخص کے خلاف مقدمہ

سنگاپور میں ایک شخص پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے مگرمچھ کی جعلی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے

سنگاپور۔29ستمبر (اے پی پی):سنگاپور میں ایک شخص پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے مگرمچھ کی جعلی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق میانمار سے تعلق رکھنے والے یے لن پر غلط اطلاع پھیلانے اور ثبوت مٹانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ اس نے تصویر اور اسے بنانے کے لیے استعمال ہونے والی ایپلی کیشن بھی حذف کر دی تھی۔سنگاپور کے قومی ادارے برائے آبی وسائل کے مطابق 20 اگست کو پانڈان آبی ذخیرے میں مگرمچھ دیکھے جانے کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد ادارے کے اہلکاروں اور نیشنل پارکس کے عملے نے علاقے میں مگرمچھ کی تلاش اور اسے پکڑنے کی کارروائی شروع کردی تھی۔

اس دوران سنگاپور روئنگ ایسوسی ایشن اور سنگاپور کینو فیڈریشن کو اپنی سرگرمیاں روکنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ حکام نے شہر کے سب سے بڑے آبی ذخیرے میں کام گزشتہ ماہ دو روز کے لیے معطل کر دیا تھا۔تاہم، اگلے روز آبی وسائل کے ادارے نے تصدیق کی کہ مگرمچھ کی تصویر جعلی تھی اور معاملہ پولیس کے حوالے کر دیا۔مقامی میڈیا کے مطابق یے لن نے عدالت میں مترجم کے ذریعے بتایا کہ وہ اپنے جرم کا اعتراف کرنا چاہتا ہے۔ مقدمے کی مزید سماعت نومبر میں ہوگی جبکہ جرم ثابت ہونے پر اسے قید اور بھاری جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔