آر ٹی اے کا غیر قانونی وین اڈوں اور سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 28 گاڑیاں ضبط

سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) حسنین رضا کی ہدایت پر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی وین اڈوں اور گاڑیوں میں سلنڈر کے غیر قانونی استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا

حیدرآباد۔ 29 ستمبر (اے پی پی):سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) حسنین رضا کی ہدایت پر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی وین اڈوں اور گاڑیوں میں سلنڈر کے غیر قانونی استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا جس کے دوران 28 گاڑیاں ضبط کرلی گئیں۔ منگل کو سیکرٹری آر ٹی اے حسنین رضا کے مطابق کارروائی کے دوران ضبط کی گئی گاڑیاں غیر قانونی وین اڈوں پر کھڑی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی وین اڈوں کے قیام اور گاڑیوں میں سلنڈر کے غیر قانونی استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین اور مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

حسنین رضا نے کہا کہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک نظام کو منظم رکھنے کے لیے غیر قانونی وین اڈوں اور سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔