میٹرک اور ایف اے مکمل کرنے والی مستحق طالبات کے اعزاز میں پشاور میں تقریب، فی کس 30 ہزار روپے کے چیکس تقسیم

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان نے منگل کے روزسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس پشاور میں میٹرک اور ایف اے مکمل کرنے والی مستحق طالبات میں فی کس 30 ہزار روپے کے چیکس تقسیم کیے

پشاور۔ 29 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان نے منگل کے روزسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس پشاور میں میٹرک اور ایف اے مکمل کرنے والی مستحق طالبات میں فی کس 30 ہزار روپے کے چیکس تقسیم کیے۔محکمہ سماجی بہبود خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اس حوالے سے پشاور میں منعقدہ تقریب میں سیکرٹری سماجی بہبود شریف حسین اور ڈائریکٹر سماجی بہبود محمد صالح بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ خصوصی بچے اور نوجوان معاشرے پر بوجھ نہیں بلکہ ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور صوبائی حکومت انہیں معاشرے میں وہ عزت، وقار اور مقام دلانا چاہتی ہے جس کے وہ حقدار ہیں، کوشش ہے کہ انہیں مالی معاونت تک محدود رکھنے کی بجائے تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ معاشرے کے فعال شہری بن سکیں۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ،ایمازون کے ذریعے آن لائن کاروبار، کارپٹ میکنگ، کپڑوں، اونی مصنوعات، سجاوٹی اشیاء، دستکاری اور دیگر ووکیشنل ہنر سکھائے جا رہے ہیں ،اس طرح وہ اپنی تیار کردہ مصنوعات کو مارکیٹ تک پہنچا سکیں گے اور اپنے ہنر کو روزگار اور کاروبار میں تبدیل کرسکیں گے۔مشیر سماجی بہبود نے کہا کہ کارپٹ میکنگ ایک ایسی مفید اور عملی مہارت ہے جسے گھر بیٹھے بھی کاروبار کی شکل دی جاسکتی ہے۔ اس ہنر میں گھر کے بڑے اور چھوٹے افراد مل کر کام کرسکتے ہیں، اپنی تیار کردہ مصنوعات فروخت کرکے مناسب آمدن اور منافع حاصل کرسکتے ہیں اور خودمختاری کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔ حکومت کارپٹ میکنگ کے فروغ کے لیے بھی مزید اقدامات کرے گی اور اس مقصد کے لیے تربیتی مراکز کے قیام سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ خصوصی افراد یہ بہترین ہنر سیکھ کر باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔

ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ خصوصی بچوں اور نوجوانوں کو دی جانے والی مہارتوں کا مقصد انہیں مستقل امداد کا محتاج بنانا نہیں بلکہ ان کے ہاتھ میں ایسا ہنر دینا ہے جس کے ذریعے وہ اپنے گھر ہی میں روزگار حاصل کرسکیں اور معاشرے میں بہتر زندگی گزار سکیں۔