نوابزادہ جمال رئیسانی سے سریاب کے طلبہ، نوجوانوں اور قبائلی عمائدین کی ملاقاتیں، مسائل کے حل کی یقین دہانی
نوابزادہ جمال رئیسانی سے سریاب کے طلبہ، نوجوانوں اور قبائلی عمائدین کی ملاقاتیں، مسائل کے حل کی یقین دہانی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 30 ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی سے سراوان ہاؤس کوئٹہ میں حلقہ این اے 264 سریاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ، نوجوانوں، قبائلی شخصیات اور معززین کے وفود نے ملاقات کی۔
ملاقاتوں کے دوران وفود نے اپنے علاقوں کی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل، بنیادی سہولیات اور نوجوانوں و طلبہ سے متعلق امور پر نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی سے گفتگو کی، جبکہ علاقائی ضروریات اور عوامی رابطے سے متعلق مختلف معاملات بھی زیرِ بحث آئے۔اس موقع پر نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ حلقہ این اے 264 سریاب کے عوام سے براہِ راست رابطہ ان کے لیے ہمیشہ اہم رہا ہے۔ عوام، نوجوانوں، طلبہ اور قبائلی عمائدین کی تجاویز اور مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور متعلقہ سطح پر ان کے حل کے لیے آواز اٹھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سریاب کے عوام کے ساتھ رابطے اور خدمت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔دریں اثنا سراوان ہاؤس میں ایک معذور نوجوان نے بھی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی سے ملاقات کی اور اپنی ضرورت کے حوالے سے وہیل چیئر فراہم کرنے کی درخواست کی۔
نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے درخواست پر فوری اقدام کرتے ہوئے نوجوان کو اسی وقت وہیل چیئر فراہم کر دی۔وہیل چیئر ملنے پر نوجوان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ معاشرے کے خصوصی افراد کی ضروریات کا خیال رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور دستیاب وسائل کے مطابق ان کی معاونت جاری رکھی جائے گی۔








