ایم این اے جمال رئیسانی کا پی ڈی ایم اے بلوچستان ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ایمرجنسی رسپانس پر بریفنگ
ایم این اے جمال رئیسانی کا پی ڈی ایم اے بلوچستان ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ایمرجنسی رسپانس پر بریفنگ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی جمال رئیسانی نے مسٹر فرید رئیسانی کے ہمراہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)بلوچستان کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ریلیف کمشنر و ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان غلزئی نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل طارق بھی موجود تھے۔دورے کے دوران وفد کو پی ڈی ایم اے کی جانب سے قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی صورتحال سے قبل تیاری، امدادی سرگرمیوں اور ریسپانس میکنزم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفد نے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں ہنگامی صورتحال کی نگرانی، معلومات کے حصول اور مختلف اداروں کے درمیان ایمرجنسی کوآرڈی نیشن کے نظام سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر ایم این اے جمال رئیسانی اور وفد نے پی ڈی ایم اے کی مشینری اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود آلات کا بھی معائنہ کیا۔ حکام نے وفد کو صوبے بھر میں قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کے دوران فوری امدادی کارروائیوں کے لیے پی ڈی ایم اے کی استعداد اور تیاریوں سے آگاہ کیا۔








