کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے ماڈل قبرستان کا دورہ کرتے ہوئے قبرستان کو صاف ستھرا، منظم اور شہریوں کے لیے سہولت بخش بنانے کی ہدایت کی ہے۔
کمشنر ملتان کا ماڈل قبرستان کا دورہ ، صفائی اور انتظامی امور بہتر بنانے کی ہدایت

مزید خبریں
ملتان ۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے ماڈل قبرستان کا دورہ کرتے ہوئے قبرستان کو صاف ستھرا، منظم اور شہریوں کے لیے سہولت بخش بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماڈل قبرستان کے موجودہ انفراسٹرکچر کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو تدفین کے موقع پر تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ کمشنر نے شہر خاموشاں اتھارٹی کے خاتمے کے بعد ماڈل قبرستان کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آؤٹ سورس کرنے کے لیے قابلِ عمل تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نماز جنازہ کے مقام، وضو خانوں، باؤنڈری وال، لائٹنگ اور واٹر سپلائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔کمشنر نے قبرستان میں قبروں کی باقاعدہ مارکنگ اور جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے گورکنوں سمیت متعلقہ عملے کی ڈیوٹیاں بھی واضح طور پر متعین کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ قبرستان کی مستقل دیکھ بھال، صفائی اور انتظامی امور کے لیے مؤثر اور قابلِ عمل نظام وضع کیا جائے۔ کمشنر نے بزرگ شہریوں اور تدفین کے لیے آنے والے افراد کی سہولت کے لیے قبرستان میں مناسب مقامات پر بینچز نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل قبرستان کو حقیقی معنوں میں مثالی بنانے کے لیے دستیاب وسائل کو بہترین انداز میں استعمال کیا جائے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمان اور سی ای او کارپوریشن اقبال خان بھی موجود تھے۔








