پرتگال کے بین الاقوامی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم میں واپسی کے لیے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے میچ سے قبل کیمپ چھوڑ کر جانے پر معافی مانگ لی ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی قومی ٹیم میں واپسی کے لیے آمادگی ظاہر کر دی، کیمپ چھوڑنے پر معذرت

مزید خبریں
لزبن ۔7اکتوبر (اے پی پی):پرتگال کے بین الاقوامی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم میں واپسی کے لیے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے میچ سے قبل کیمپ چھوڑ کر جانے پر معافی مانگ لی ہے۔
سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے واضح کیا کہ وہ قومی ٹیم کی نمائندگی اور فتوحات کے لیے ہمیشہ کی طرح دستیاب رہیں گے۔ یوئیفا نیشنز لیگ میں ناروے کے خلاف میچ کے دوران ہیڈ کوچ جارج جیزس کی جانب سے بینچ پر بٹھائے جانے اور پھر ڈنمارک کے خلاف میچ کی شروعات میں شامل نہ کرنے پر کرسٹیانو رونالڈو کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ کوچ کی جانب سے دو بار وعدہ خلافی کے باوجود انہیں کیمپ نہیں چھوڑنا چاہیے تھا اور اس غلطی کی تمام تر ذمہ داری وہ خود قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے تمام تر ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ پرتگال فٹبال فیڈریشن ان کے اس نظم و ضبط کے خلاف ورزی پر جو بھی سزا تجویز کرے گی، وہ اسے قبول کریں گے۔
کرسٹیانو رونالڈونے پرتگالی عوام سے بھی معافی مانگی اور کہا کہ ان کے لیے کوچ کا وعدہ توڑنا اعتماد کے شدید نقصان کا باعث بنا۔ کرسٹیانو رونالڈو کے مطابق جارج جیزس نے ابتدائی طور پر انہیں بتایا تھا کہ وہ اس بین الاقوامی وقفے کے پہلے اور آخری میچ میں کھیلیں گے جبکہ ناروے اور ڈنمارک کے میچوں کے لیے ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کریں گے۔ کرسٹیانو رونالڈو نے یہ تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کپتان کے لیے ٹیم کے ساتھیوں کو سفر پر بھیج کر خود پرتگال میں رہنا اچھا پیغام نہیں ہوگا۔ کرسٹیانو رونالڈو نے بتایا کہ ناروے کے خلاف میچ سے قبل کوچ نے اچانک ان سے پوچھا کہ کیا وہ 30 منٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے حامی بھری اور دوسرے ہاف سے وارم اپ بھی کیا، تاہم انہیں میدان میں نہیں اتارا گیا۔
کرسٹیانو رونالڈو کے مطابق بعد میں ان کی کوچ سے بات ہوئی اور دونوں کے درمیان اتفاق ہوا کہ جارج جیزس ڈنمارک کے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں اس معاملے پر معذرت کریں گے، تاہم کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس میں کوچ کا مؤقف ان کی گفتگو سے بالکل مختلف تھا۔ پرتگال کے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی رونالڈو نے تسلیم کیا کہ انہیں اپنے اقدام پر پرتگالی فٹبال فیڈریشن کی جانب سے سزا مل سکتی ہے اور وہ اس سزا کو قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی ٹیم کے کپتان ہیں، اس لیے ان کی حیثیت ان کے اقدام کو مزید سنگین بناتی ہے۔ پرتگال نے یوئیفا نیشنز لیگ کے اپنے ابتدائی 4 میچ جیت کر 2 میچ باقی رہتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔








