ویمنز ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز 2026: سری لنکا انڈر 19 نے بنگلہ دیش انڈر 19 کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

ویمنز ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز 2026 کے میچ میں سری لنکا انڈر 19 نے بنگلہ دیش انڈر 19 کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، سری لنکا کی سنجنا کاوندی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا

فیصل آباد۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):ویمنز ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز 2026 کے میچ میں سری لنکا انڈر 19 نے بنگلہ دیش انڈر 19 کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، سری لنکا کی سنجنا کاوندی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں جاری ویمنز ٹرائی نیشن سیریز 2026 کے میچ میں سری لنکا انڈر 19 نے بنگلہ دیش انڈر 19 کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بنگلہ دیش انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے اوچینا جنت ایمانتا نے 36 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی نصف سنچری سکور کی۔

سعدیہ اختر 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔سری لنکا کی جانب سے چامودی پرابودھا اور چامودی ہیراتھ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں سری لنکا انڈر 19 نے مطلوبہ ہدف 19.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سری لنکا کی سنجنا کاوندی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔بنگلہ دیش کی جانب سے تیتھی داس اپورنا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ کے فیلڈ امپائرز سلیمہ امتیاز اور ثانیہ اشرف تھیں جبکہ میچ ریفری بلال خلجی تھے۔