بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ماحولیاتی قوانین کی کارروائیاں، بیکری اور کرش پلانٹ کو نوٹسز جاری

بلوچستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ٹیموں نے صوبے کے مختلف اضلاع میں ماحولیاتی قوانین اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف صنعتی، تجارتی اور خوراک کے مراکز کا معائنہ کیا اور خلاف ورزیوں پر متعلقہ اداروں کو نوٹسز جاری کردیئے

کوئٹہ۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ٹیموں نے صوبے کے مختلف اضلاع میں ماحولیاتی قوانین اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف صنعتی، تجارتی اور خوراک کے مراکز کا معائنہ کیا اور خلاف ورزیوں پر متعلقہ اداروں کو نوٹسز جاری کردیئے۔پشتون آباد کوئٹہ میں شہریوں کی جانب سے دھوئیں اور صحت سے متعلق شکایت پر بیپا کی انفورسمنٹ ٹیم نے علاقے کا معائنہ کیا۔ شکایت میں ٹائر پائرولائسز پلانٹ سے زہریلی گیسوں کے اخراج کی نشاندہی کی گئی تھی، تاہم معائنے کے دوران دھوئیں کا ذریعہ ایک بیکری نکلی جہاں بیکنگ کے لیے لکڑی جلائی جا رہی تھی۔معائنے کے دوران بیکری میں صفائی اور حفظانِ صحت کی صورتحال بھی غیر تسلی بخش پائی گئی۔ بیپا ٹیم نے بیکری کے انچارج کو ایک ہفتے کے اندر آبادی سے دور منتقل ہونے اور ماحولیاتی و حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا نوٹس جاری کردیا۔ حکام کے مطابق عدم تعمیل کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔خضدار کی تحصیل وڈھ کے علاقے خورادو میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای پی اے خضدار رشید حسین نے M/s BCC SMK RCC کرش پلانٹ کا ماحولیاتی معائنہ کیا۔ معائنہ بلوچستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 2012 کے تحت ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے کیا گیا۔

معائنے کے بعد پلانٹ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ 15 روز کے اندر مجاز اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کوئٹہ سے ماحولیاتی این او سی حاصل کی جائے۔گوادر میں H.B.Z اسفالٹ پلانٹ کا بھی فیلڈ معائنہ کیا گیا، جہاں پلانٹ غیر فعال پایا گیا جبکہ مالک یا منیجر موقع پر موجود نہیں تھا۔ متعلقہ عملہ مطلوبہ ماحولیاتی این او سی بھی تصدیق کے لیے پیش نہ کرسکا۔ حکام کے مطابق پلانٹ کچھ عرصے سے غیر فعال ہے، تاہم آپریشنل صورتحال، دستاویزات اور ماحولیاتی تقاضوں پر عملدرآمد کی تصدیق کے لیے فالو اپ معائنہ کیا جائے گا۔لورالائی میں ای پی اے ٹیم نے مختلف ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کا معائنہ کرتے ہوئے کچرے کے انتظام، صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت، کچن کی صفائی اور مجموعی ماحولیاتی معیار کا جائزہ لیا اور متعلقہ انتظامیہ کو مقررہ اصولوں پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔دوسری جانب قلعہ سیف اللہ میں ای پی اے ٹیم نے مختلف گوشت کی دکانوں کا معائنہ کیا اور صفائی، حفظانِ صحت اور گوشت کی محفوظ طریقے سے ہینڈلنگ کا جائزہ لیا۔ دکانداروں کو صفائی کے معیار بہتر بنانے اور گوشت کو محفوظ انداز میں رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

ای پی اے حکام نے دکانداروں کو پولی تھین اور پلاسٹک بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ماحول دوست متبادل اپنانے اور صاف و صحت مند ماحول برقرار رکھنے کے لیے ضروری ماحولیاتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔