انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی دو سالہ کانفرنس ICON 2026کا کراچی میں آغا ز

انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی دو سالہ کانفرنس ICON 2026کا کراچی میں آغا ز

کراچی۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک اور انڈس یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے زیرِ اہتمام آٹھویں دو سالہ کانفرنس ICON 2026کا کراچی میں باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق کانفرنس کا بنیادی مقصد موسمیاتی تبدیلی کے صحت پر بڑھتے اثرات، پائیدار صحت کے نظام اور تمام شہروں و دیہاتوں میں مریضوں کو مفت و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی پر روشنی ڈالنا ہے۔کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سید احمر حامد نے افتتاحی خطاب میں صحت کے نظام میں بہتری کیلئے مختلف شعبوں کے درمیان مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ "موسمیاتی تبدیلی صحت کے نظام پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے، کراچی میں ماضی کی شدید ہیٹ ویو کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس سے پورا شہر متاثر ہوا تھا؛ ہمارا مقصد ایک ایسے ماحول اور نظام کی طرف جانا ہے جو مکمل طور پر انسان دوست ہو۔”انڈس ہسپتال کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پیٹرن آئیکون ڈاکٹر عبدالباری خان نے اپنے پیغام میں صحت کے اداروں کی حکمتِ عملی میں پائیداری اور لچک شامل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ "بہترین اور مضبوط صحت کے نظام کیلئے ہمیں مسلسل کام کرنا ہوگا تاکہ صحت کی تمام تر معیاری سہولیات بلا تفریق تمام لوگوں کو مفت حاصل ہو سکیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین ایچ ای سی سندھ پروفیسر طارق رفیع نے کہا کہ "صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی ۔

"انہوں نے انڈس ہسپتال اور ڈاکٹر عبدالباری خان کو پاکستانی عوام کو بلا معاوضہ علاج فراہم کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔” تقریب میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز عبدالکریم پاراچہ نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی، جبکہ ICON 2026 کے تحت گزشتہ ایک سال کے دوران ملک بھر میں 100 سے زائد ورکشاپس اور سمپوزیمز منعقد کیے جا چکے ہیں۔ آئندہ دس دنوں میں 50 سے زائد سائنسی سیشنز، پلینری مباحثے اور تحقیقی پوسٹر پریزنٹیشنز ہوں گی، جن میں طب میں مصنوعی ذہانت (اے آئی )، موسمیاتی تبدیلی اور ٹراما سسٹمز، زندہ عطیہ دہندگان سے اعضا کی پیوند کاری اور بچوں میں نیورو آنکولوجی جیسے اہم موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔

کانفرنس میں انٹرنیشنل ڈائبیٹیز فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر پیٹر شوارٹز اور یونیورسٹی آف کیلگری کے ڈاکٹر نوید امام سید سمیت عالمی و قومی ماہرین شریک ہوئے ۔ کراچی کے بعد کانفرنس کا اگلا مرحلہ 14 اکتوبر کو رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ میں ہوگا، جبکہ اختتامی سرگرمیاں 16 اور 17 اکتوبر کو لاہور میں منعقد ہوں گی۔انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے کورنگی کیمپس میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ملک اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے ممتاز طبی ماہرین، محققین، تعلیمی شخصیات اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔