ایس پی ٹریفک سریاب کی غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی
ایس پی ٹریفک سریاب کی غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ ،ڈی آئی جی کوئٹہ کی ہدایات پر ٹریفک کے نظام کی بہتری کے حوالے سے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متحرک ہیں، ان خیالات کا اظہار ایس پی ٹریفک سریاب یاور عباس نے غیر قانونی پارکنگ کی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کےدوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتےہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس پی ٹریفک نے عوام، رکشہ ڈرائیوروں اور گاڑی مالکان سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیاں سڑکوں پر پارک کرتے وقت ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور غلط پارکنگ سے مکمل گریز کریں،
بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے چالان جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی کوشش ہے کہ سڑکوں اور اہم شاہراہوں پر غیرضروری پارکنگ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور خاص طور پر مریضوں، ایمبولینسوں اور ہسپتال آنے جانے والے شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ امداد ہسپتال، ترین ہسپتال، سٹی ہسپتال، الخیر ہسپتال اور دیگر طبی مراکز کے سامنے رکشوں اور گاڑیوں کی غیرضروری پارکنگ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ رکشہ ڈرائیور مریضوں کو ہسپتال تک پہنچانے کے بعد فوری طور پر وہاں سے روانہ ہوں اور ہسپتالوں کے سامنے رکشے کھڑے کرکے پارکنگ نہ بنائیں۔ایس پی سریاب ٹریفک نے کہا کہ ہسپتالوں کے داخلی و خارجی راستوں اور اطراف میں گاڑیوں کی غلط پارکنگ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،
اس لیے شہری ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل یا گاڑی ہرگز نہ دیں، کیونکہ کم عمر ڈرائیونگ نہ صرف خود ان کی زندگی کے لیے خطرناک ہے بلکہ دیگر شہریوں کی جان و مال کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔یاور عباس نے کہا کہ ٹریفک پولیس قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ شہریوں میں ٹریفک شعور اجاگر کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ عوام کے تعاون سے شہر میں ٹریفک کا نظام مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے اور شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔








