ڈاک کا عالمی دن ،پاکستان پوسٹ عوام کو جدید، قابلِ اعتماد اور معیاری خدمات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، فیصل تحسین گوندل

پوسٹ ماسٹر جنرل ناردرن پنجاب سرکل راولپنڈی فیصل تحسین گوندل نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹ معاشی و سماجی ترقی، عوامی سہولیات کی فراہمی اور قومی و بین الاقوامی سطح پر رابطوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے

راولپنڈی ۔9اکتوبر (اے پی پی):پوسٹ ماسٹر جنرل ناردرن پنجاب سرکل راولپنڈی فیصل تحسین گوندل نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹ معاشی و سماجی ترقی، عوامی سہولیات کی فراہمی اور قومی و بین الاقوامی سطح پر رابطوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان پوسٹ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ، قابلِ اعتماد اور معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے تاکہ عوام کی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کیا جا سکے۔ڈاک کے عالمی دن کے موقع پر راولپنڈی جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل تحسین گوندل نے کہا کہ ڈاک کا ادارہ طویل عرصے سے عوام کے درمیان رابطوں کا ایک اہم ذریعہ ہے اور بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق اس کی خدمات کو مزید مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ڈاک کے نظام میں بہتری، خدمات کے معیار میں اضافے اور صارفین کو سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے اور صارفین کو معیاری خدمات فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ڈاک کا عالمی دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ قومی ڈاک کا نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے عوامی ضروریات کو ترجیح دی جائے اور ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل (آپریشنز) حریم عائشہ نے ڈائریکٹر جنرل یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کا پیغام پڑھ کر سنایا، جبکہ ڈاک کے عالمی دن کی مناسبت سے یادگاری ڈاک ٹکٹوں کی نمائش بھی کی گئی۔تقریب میں ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل (ایڈمن) ذاکر اللہ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ایم ایس ٹی آر ڈویژن راولپنڈی ردا اعجاز، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ مری کہوٹہ ڈویژن آمنہ خالد، سینئر پوسٹ ماسٹرز راولپنڈی جی پی او محمد اکرام اللہ اور خلیل احمد، اکاؤنٹس آفیسر راولپنڈی جی پی او صدیق احمد سمیت راولپنڈی ڈویژن کے دیگر افسران اور عملے نے شرکت کی۔تقریب کی میزبانی کے فرائض چیف پوسٹ ماسٹر راولپنڈی جی پی او عاصمہ نورین نے سرانجام دیے، جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سینئر پوسٹ ماسٹر (خزانہ) راولپنڈی جی پی او غضنفر عباس انجم نے ادا کیے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان پوسٹ کی جانب سے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری ڈاک خدمات کی فراہمی اور قومی و بین الاقوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مزید خبریں