صدر مملکت آصف علی زرداری نے ذہنی صحت کو صحت، انسانی وقار اور قومی ترقی کا لازمی جزو قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ حلقوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذہنی صحت کے حوالے سے محض آگاہی تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کریں،ایسا پاکستان تشکیل دینے کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں
ذہنی صحت انسانی وقار، صحت اور قومی ترقی کا لازمی جزو ہے، تمام متعلقہ حلقے ذہنی صحت کے حوالے سے محض آگاہی تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کریں، صدر آصف علی زرداری کا عالمی یوم ذہنی صحت پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ذہنی صحت کو صحت، انسانی وقار اور قومی ترقی کا لازمی جزو قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ حلقوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذہنی صحت کے حوالے سے محض آگاہی تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کریں،ایسا پاکستان تشکیل دینے کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں جہاں لوگ کسی امتیاز کے بغیر ذہنی صحت سے متعلق معاونت حاصل کر سکیں اور ہر فرد عزت و وقار کے ساتھ امید بھری زندگی گزار سکے۔انہوں نے یہ بات عالمی یوم ذہنی صحت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو 10 اکتوبر کو منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے پاکستان بھر کے عوام بالخصوص ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار افراد، ان کے اہل خانہ، نگہداشت کرنے والوں، ذہنی صحت کے ماہرین اور اس شعبے میں خدمات انجام دینے والے تمام افراد کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ رواں سال عالمی یوم ذہنی صحت کا موضوع ’’ذاتی تجربات کو سنا جائے: حقیقی آوازیں، حقیقی تبدیلی‘‘ ذہنی صحت کے مسائل سے گزرنے والے افراد کے تجربات سننے اور ان کے نقطہ نظر کو متعلقہ پالیسیوں، خدمات اور فیصلوں میں شامل کرنے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ذہنی صحت ،عمومی صحت، انسانی وقار اور قومی ترقی کا ایک لازمی جزو ہے، ہمیں ایسا پاکستان تشکیل دینے کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں جہاں لوگ کسی بدنامی یا امتیاز کے خوف کے بغیر ذہنی صحت سے متعلق معاونت حاصل کر سکیں
معیاری سہولیات قابل رسائی اور کم خرچ ہوں اور ہر فرد عزت و وقار کے ساتھ امید بھری زندگی گزار سکے۔صدر مملکت نے ذہنی صحت کی خدمات کو بہتر بنانے اور بنیادی صحت کی سہولیات سمیت وسیع تر صحت و سماجی ترقی کے اقدامات میں ذہنی صحت کو شامل کرنے کے لیے طبی ماہرین، سول سوسائٹی تنظیموں، ترقیاتی شراکت داروں، مقامی آبادیوں اور خاندانوں کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دماغی صحت کے حوالے سے ہماری وابستگی اور کاوشیں معاشرے کے تمام طبقات، خاص طور پر بچوں اور نوجوانوں، خواتین، معذور افراد، کمزور آبادیوں اور ہنگامی حالات اور مشکلات سے متاثرہ افراد تک پہنچنی چاہیے۔صدر آصف علی زرداری نے اس اہم دن کے موقع پر تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ محض آگاہی تک محدود رہنے کے بجائے بامعنی اقدامات کریں، ذہنی صحت کے مسائل سے گزرنے والے افراد کے تجربات کو توجہ سے سنیں، عیب کی نظر سے دیکھے جانے اور امتیاز کا خاتمہ کریں، کمیونٹی کی سطح پر ذہنی صحت کی خدمات کو مضبوط بنائیں اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ذہنی صحت یونیورسل ہیلتھ کوریج اور قومی ترقی کا لازمی حصہ بنا رہے۔صدر مملکت نے اس امر پر زور دیا کہ آئیے ایک ایسے پاکستان کے لیے کام کریں جہاں ہر شخص کی بات سنی جائے، اس کی قدر کی جائے اور عزت ووقارکے ساتھ سلوک کیا جائے اور جہاں ذہنی صحت کو عوام کی مجموعی صحت اور فلاح و بہبود کا بنیادی جزو تسلیم کیا جائے۔







