ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر قصور
ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر قصور

مزید خبریں
قصور۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی زیرصدارت ستھرا پنجاب اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) ڈاکٹر محمد کلیم، اسسٹنٹ کمشنرز، ایم ڈی واسا قصورعدنان گُل، ایم ڈی ستھرا پنجاب اتھارٹی قصورعلی عاطف ، ڈی آئی او قصور نادر علی، سی او ضلع کونسل، سی اوز میونسپل کمیٹیز، ایکسئن پبلک ہیلتھ محمد سلیم اختر سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تمام متعلقہ محکمے صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کریں اور شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام علاقوں سے کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے، خالی پلاٹوں، گلیوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کی صفائی یقینی بنائی جائے جبکہ نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کوڑا کرکٹ کے غیر قانونی ڈھیروں اور گندگی پھیلانے کے اسباب کا مؤثر تدارک کیا جائے اور صفائی کے عمل میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمیٹیز، ضلع کونسل، واسا اور ستھرا پنجاب اتھارٹی کے افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، صفائی کے انتظامات کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور متعلقہ عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔
صفائی کے لیے مختص مشینری، گاڑیوں اور افرادی قوت کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ شہریوں کو عملی طور پر واضح بہتری نظر آئے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ افسران اپنے اپنے علاقوں میں صفائی کے انتظامات کی نگرانی اور شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔ عوامی شکایات کو نظرانداز کرنے، فرائض میں غفلت برتنے یا صفائی کے نظام میں ناقص کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام محض صفائی مہم نہیں بلکہ عوام کو صاف ستھرا، صحت مند اور بہتر ماحول فراہم کرنے کا اہم اقدام ہے، جس کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ، مشترکہ حکمت عملی اور مسلسل نگرانی ناگزیر ہے۔ تمام محکمے باہمی تعاون سے پروگرام کے مطلوبہ اہداف حاصل کریں تاکہ ضلع قصور کو صاف ستھرا بنانے کے لیے جاری اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں۔\378








