وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ملاقات کی، جس میں چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ بھی شریک تھے۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت کی ملاقات

مزید خبریں
کراچی۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ملاقات کی، جس میں چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ بھی شریک تھے۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ سکھر کی ترقی کو ایک مربوط منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھاتے ہوئے شہر کی اہم شاہراہوں کی تعمیر و بحالی، سڑکوں کی خوبصورتی، ٹریفک کے دبائو میں کمی، اوورہیڈ برجز اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ پارکس، گرین بیلٹس اور عوامی تفریحی مقامات کی تزئین و آرائش پر بھی خصوصی توجہ دی جائے اوراس سلسلے میں شہری منظرنامے کو بہتر بنانے، صفائی ستھرائی کے نظام کو موثر بنانے اور جدید شہری تقاضوں کے مطابق سہولیات کی فراہمی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، تاکہ سکھر کو ایک منظم اور پرکشش شہر بنایا جا سکے۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ترقیاتی امور کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو شہری سہولیات کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے اور عوامی ضروریات کے مطابق اقدامات کو موثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سندھ حکومت اور مقامی حکومت کے باہمی تعاون، موثر رابطہ کاری اور مربوط منصوبہ بندی کے ذریعے سکھر میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو صاف پانی، بہتر نکاسی آب، معیاری سڑکوں، ٹریفک کی روانی ، خوبصورت پارکس اور جدید بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی جانب موثر پیش رفت جاری رکھی جا سکے۔اس موقع پر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے وزیراعلی سندھ کو سکھر کے جامع ترقیاتی روڈ میپ، شہری سہولیات کی بہتری اور شہر کو جدید، خوبصورت اور ماحول دوست شہری مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے عوامی فلاح، پائیدار شہری ترقی، جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر اور شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سکھر میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایک جامع منصوبے کا پلان اور آپریشنل ماڈل تیار کر لیا گیا ہے، جو منظوری کے لیے پی پی پی پالیسی بورڈ کے سامنے پیش کیے جانے کا منتظر ہے۔ مجوزہ منصوبے کی منظوری اور عملی نفاذ سے ایک لاکھ سے زائد گھروں اور ساڑھے چھ لاکھ سے زیادہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں سیوریج اور ڈرینیج نظام کی بہتری، بارشوں کے پانی کی بروقت نکاسی، شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل کے تدارک، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور پارکنگ پلازہ کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور تکمیل میں عوامی ضروریات، شہریوں کے معیارِ زندگی اور مستقبل کے تقاضوں کو بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے۔
ملاقات کے دوران سکھر میں ترقیاتی منصوبوں کی موثر تکمیل، متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ کاری، دستیاب وسائل کے بہتر استعمال اور منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کے امور پر بھی گفتگو ہوئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ شہر کی ترقی کے لیے تعمیراتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ ان کی پائیداری، دیکھ بھال اور طویل المدتی افادیت کو بھی یقینی بنایا جائے، تاکہ شہریوں کو ان منصوبوں کے ثمرات مستقل بنیادوں پر حاصل ہو سکیں۔ملاقات میں ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے ہیڈکوارٹر منیلا میں منعقدہ کلائمیٹ ایڈاپٹیشن انویسٹمنٹ پلاننگ فورم (CAIP2026) میں سکھر کے لیے پیش کیے گئے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سکھر کلائمیٹ رسک سٹی پروفائل اور ایڈاپٹیشن ایکشن پلاننگ کے اہم پہلوں سے آگاہ کرتے ہوئے شہری سیلاب سے تحفظ، نکاسی آب، پانی کی فراہمی، شدید گرمی کے اثرات میں کمی، شہری شجرکاری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بنیادی ڈھانچے کی اہمیت اجاگر کی۔







