گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ لیبر یونینز کے رہنماؤں کی مشاورت سے صوبے بھر کے مزدوروں کو درپیش مسائل و مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، تمام صوبائی وزراء کو پابند بنا رہے ہیں کہ وہ عوامی مسائل اور شکایات کے ازالے کیلئے مزید فعال کردار ادا کریں اور مزدوروں سمیت تمام شہریوں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ میاں محمد نواز شریف ہمیشہ مزدوروں …
مزدوروں کو درپیش مسائل و مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، گورنر بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ لیبر یونینز کے رہنماؤں کی مشاورت سے صوبے بھر کے مزدوروں کو درپیش مسائل و مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، تمام صوبائی وزراء کو پابند بنا رہے ہیں کہ وہ عوامی مسائل اور شکایات کے ازالے کیلئے مزید فعال کردار ادا کریں اور مزدوروں سمیت تمام شہریوں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ میاں محمد نواز شریف ہمیشہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کو خصوصی اہمیت دیتے رہے ہیں، مزدور طبقہ ملکی معیشت اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، اس لیے ان کے مسائل کا حل اور حقوق کا تحفظ ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے نسیم الرحمٰن ملاخیل کو کنوینر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سیاست میں نچلی سطح سے لیکر اعلیٰ سطح تک کام کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ اور دیگر لیبر یونینز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیبر ونگ کی تقریب میں صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر نسیم الرحمٰن ملاخیل، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل، عامر خان مندوخیل، زمان ملاخیل، یونس بلوچ، چوہدری شبیر اور وحید کاسی سمیت مزدور رہنماؤں، لیبر ونگ کے عہدیداروں، مختلف یونینز کے نمائندوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
لیبر ونگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کوئٹہ میں رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل کے سب سے متحرک کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام منتخب نمائندوں نے اپنے دفاتر کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھے ہیں تاکہ شہریوں کی شکایات سنی جا سکیں اور ان کے حل کی خاطر موثر اقدامات کیے جائیں۔ گورنر بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مزدور رہنماؤں اور متعلقہ یونینز کی تجاویز کی روشنی میں مسائل کی نشاندہی کرکے ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت، منتخب نمائندوں اور مزدور تنظیموں کے درمیان موثر رابطہ اور تعاون مزدوروں کی فلاح و بہبود اور انکے جائز مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے مسلم لیگ لیبر ونگ کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی میں مزدوروں کا کلیدی کردار ہے۔ رکن قومی اسمبلی اختر بی بی نے کہا کہ مزدوروں کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی کا باعث بنے گا ، ضروری ہے کہ ہم کارخانوں کے تمام مزدوروں کی آواز بنیں۔
نسیم الرحمٰن ملاخیل نے کہا کہ جعفرخان مندوخیل نے طالب علمی کے زمانے سے اب تک مسلم لیگ کو جوڑ رکھا ہے اور ان کی لیبر ونگ کی تقریب میں چھٹی والے دن شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ایم پی اے زرک خان مندوخیل نے کہا کہ ہم مزدوروں کے مسائل و حقوق کیلئے کوشاں ہیں اور لیبر ونگ کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ عامر خان مندوخیل نے لیبر ونگ کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں مزدوروں کا بنیادی کردار ہیں اس لئے ہم سب مزدوروں کے مسائل کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں ۔








