نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی سرکل نے ایک موثر اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فراڈ کے ذریعے شہری سے ہڑپ کیے گئے 5 لاکھ روپے برآمد کر لیے
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی موثر کارروائی، آن لائن فراڈ کا شکار شہری کو 5 لاکھ روپے برآمد کروا کر واپس دلا دیئے

مزید خبریں
راولپنڈی۔13اکتوبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی سرکل نے ایک موثر اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فراڈ کے ذریعے شہری سے ہڑپ کیے گئے 5 لاکھ روپے برآمد کر لیے۔ترجمان کے مطابق نامعلوم دھوکے بازوں نے ایک منظم آن لائن سکیم کے ذریعے شہری کو دھوکہ دے کر اس کی رقم غبن کر لی تھی۔ واقعے کی رپورٹ موصول ہوتے ہی این سی سی آئی اے راولپنڈی سرکل نے فوری تکنیکی بنیادوں پر تحقیقات کا آغاز کیا اور پیشہ ورانہ مہارت بروئے کار لاتے ہوئے مکمل رقم ٹریس کر لی۔
حکام نے آپریشن کے بعد برآمد کی گئی 5 لاکھ روپے کی رقم قانونی ضابطے پورے کرنے کے بعد باقاعدہ طور پر متاثرہ شہری کے حوالے کر دی۔این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ذرائع سے شہریوں کو مالی نقصان پہنچانے والے سائبر مجرموں کے خلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے جبکہ شہریوں کو بھی محتاط رہنے اور کسی بھی غیر مصدقہ آن لائن سکیم کا حصہ نہ بننے کی تاکید کی گئی ہے۔








