لیبیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے لیبیا کی قیادت میں سیاسی عمل ہی واحد راستہ ہے،پاکستان
لیبیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے لیبیا کی قیادت میں سیاسی عمل ہی واحد راستہ ہے،پاکستان

مزید خبریں
اقوام متحدہ۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا ہے کہ لیبیا میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے لیبیا کی قیادت اوراس کی ملکیت پر مبنی سیاسی عمل ہی واحد راستہ ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل نمائندہ عثمان جدون نے لیبیا کی صورتِ حال پر سلامتی کونسل کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم، محفوظ اور متحد لیبیا کے لیے پُرعزم ہے اور لیبیا کے عوام کے لیے پائیدار امن و خوشحالی کے حصول کی خاطر تعمیری کوششیں جاری رکھے گا۔ لیبیا 2011 میں معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے سیاسی بحران کا شکار ہے،اس کے نتیجے میں ریاستی ادارے کمزور ہوئے اور اقتدار و قانونی حیثیت کے حوالے سے تنازعات پیدا ہوئے۔
گزشتہ ماہ لیبیا کے متحارب سیاسی دھڑوں نے انتخابی کمیشن کے انتظام اور آئندہ دو سال کے اندر انتخابات کرانے کے لیے نئے قواعد پر اتفاق کیا۔ پاکستانی مندوب نے اپنے خطاب میں 30 اگست کے انتخابی اصلاحات کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دو سال کے اندر صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ ریاستی اداروں کو متحد کریں اور ایک متفقہ انتظامی حکومت قائم کریں۔
انہوں نے مشرقی اور مغربی فوجی اداروں کے درمیان مذاکرات اور 2026 کے لیے متفقہ اخراجاتی فریم ورک کا بھی خیرمقدم کیا۔ انہوں نے مالیاتی شفافیت اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم و انتظام کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستانی مندوب نے امریکا سمیت عالمی سطح پر جاری سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے لیبیا میں استحکام، سلامتی اور قومی اتحاد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے لیبیا میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (UNSMIL) کے لیے بھی پاکستان کی حمایت کی تصدیق کی۔ پاکستانی مندوب نے لیبیا کو ایک برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم لیبیا کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی اتحاد کی حمایت میں ثابت قدم ہیں۔








