امریکا کا روس کے خلاف نئی قانون سازی کے تحت پابندیوں کے نفاذ کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کا حکم

امریکا کا روس کے خلاف نئی قانون سازی کے تحت پابندیوں کے نفاذ کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کا حکم

واشنگٹن ۔17اکتوبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے خلاف نئی قانون سازی میں شامل پابندیوں سے متعلق اقدامات کو اپنے یا وزیر خارجہ مارکو روبیو کے آئندہ احکامات تک معطل کر دیا ہے۔ تاس کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پرجاری کردہ صدارتی حکم نامے میں کہا گیا کہ ان استثناؤں پر اس وقت تک عملدرآمد جاری رہے گا جب تک صدر یا وزیر خارجہ، وزیر خزانہ اور تجارتی نمائندے سے مشاورت کے بعد مزید اقدامات کو مناسب قرار نہیں دیتے۔

حکم نامے میں ان استثناؤں کے لیے کوئی مخصوص مدت مقرر نہیں کی گئی۔رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے 18 ستمبر کو کانگریس سے منظور شدہ اس بل پر دستخط کیے تھے، جس میں روس کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت اور سرکاری ملکیتی کمپنیوں کے خلاف پابندیاں مزید سخت کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

قانون کے تحت روسی مصنوعات کی درآمد پر محصولات میں 500 فیصد تک اضافے اور روسی توانائی کے بڑے خریدار ممالک سے درآمدات پر 100 فیصد اضافی محصولات عائد کرنے کی گنجائش بھی شامل ہے۔تاہم قانون میں امریکی انتظامیہ کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ اگر وہ ان اقدامات کو امریکی مفادات کے مطابق نہ سمجھے تو انہیں نافذ نہ کرے۔تاس کے مطابق صدر ٹرمپ نے صدارتی حکم نامے کے ذریعے قانون کی اہم دفعات پر فی الحال عملدرآمد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔