وزیر بلدیات پنجاب نے بینک روڈ ڈسکہ کا افتتاح کر دیا

وزیر بلدیات پنجاب نے بینک روڈ ڈسکہ کا افتتاح کر دیا

سیالکوٹ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب میاں ذیشان رفیق نےبینک روڈ ڈسکہ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سیاسی و سماجی رہنماؤں، مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران، انجمن تاجران، یوتھ ونگ کے نمائندوں، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈسکہ آمد پر صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور آتش بازی و گھوڑوں کے رقص کے ساتھ ان کا خیرمقدم کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے فیتہ کاٹ کر منصوبے کا افتتاح کیا، جبکہ شہر کی ترقی، ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے بھی دعا کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ بینک روڈ کی تعمیر و بحالی ڈسکہ کے عوام سے کیے گئے وعدے کی تکمیل ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہری علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری، نکاسی آب کے موثر نظام اور معیاری انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے، تاکہ شہریوں اور تاجروں کو بہتر ماحول میسر آ سکے۔انہوں نے بتایا کہ بینک روڈ پر سیوریج اور ڈرینج سسٹم کی بہتری، آر سی سی اور کارپٹ روڈ کی تعمیر، سروس روڈ پر ٹف ٹائلز کی تنصیب، جدید لائٹس پولز، روڈ لائٹنگ، گرین بیلٹ کی تیاری اور بجلی کے پولز کی ری الائنمنٹ سمیت بیوٹیفکیشن کے مختلف کام مکمل کیے گئے ہیں۔

ان اقدامات کا مقصد شاہراہ کو بہتر، محفوظ اور خوبصورت بنانے کے ساتھ شہری آمدورفت اور کاروباری سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی میں بینک روڈ پر کئی کئی روز تک بارش اور نکاسی آب کا پانی کھڑا رہتا تھا، جس سے شہریوں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے اس اہم شاہراہ کے انفراسٹرکچر اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری لانے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ بیوٹیفکیشن کے اقدامات سے علاقے کی ظاہری خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ ڈسکہ میں بینک روڈ کے علاوہ سمبڑیال روڈ، جامکے روڈ اور ڈسکہ کلاں روڈ سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

تقریب کے دوران بڑی سکرین پر شہر میں جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کی ویڈیوز اور ڈیزائن بھی دکھائے گئے، جن کے ذریعے شرکا کو منصوبوں کی نوعیت اور پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈسکہ میں ٹراما سینٹر، سپورٹس کمپلیکس اور پارک سمیت مختلف ترقیاتی منصوبے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے ترقیاتی کاموں کے نتائج عوام کے سامنے ہیں، جبکہ مخالف سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کے حوالے سے ان کے اپنے تحفظات ہیں۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈسکہ کی تعمیر و ترقی، شہری سہولیات میں بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ترقیاتی عمل جاری رکھا جائے گا، تاکہ شہر کو جدید شہری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے اور شہریوں کو صاف ، بہتر اور معیاری ماحول فراہم ہو۔