نیئر بخاری کا سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کو سفاکانہ ذہنیت نے جمہوری سوچ پر حملہ کیا،سانحہ کارساز کے 177 شہداء اور 750 زخمی جیالے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کو سفاکانہ ذہنیت نے جمہوری سوچ پر حملہ کیا،سانحہ کارساز کے 177 شہداء اور 750 زخمی جیالے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔

ہفتہ کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء قومی و جمہوری ہیروز ہیں جنہوں نے شہید بے نظیر بھٹو پر اپنی جانیں قربان کیں۔ شہید بے نظیر بھٹو اور شہدائے جمہوریت تاریخ کا روشن اور ناقابل فراموش باب ہیں۔سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ ’’کتنے بھٹو مارو گے، ہر گھر سے بھٹو نکلے گا‘‘، شہید بے نظیر بھٹو عوام کے دلوں میں زندہ ہیں جبکہ جمہوریت دشمن تاریخ کے کوڑے دان میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری تسلسل شہدائے جمہوریت اور سیاسی غازیوں کی میراث ہے۔ آئین کی بالادستی، پارلیمان کی سربلندی اور جمہوریت کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ پارٹی قیادت اور کارکنوں نے جمہوریت کے شجر کی آبیاری اپنے خون سے کی ہے۔سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز نے کہا کہ شہدائے جمہوریت کی قربانیوں سے جمہوریت کی روشنی پھیل رہی ہے اور ان کی قربانیاں ہماری قومی و سیاسی تاریخ کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آئینی، انسانی اور معاشی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ جمہوریت کے استحکام اور پارلیمان کی تکریم و توقیر کے لیے بھی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

 

مزید خبریں