جُنید فیملی فاؤنڈیشن ورلڈ ٹینس ویمنز چیمپئن شپ 2026 کے دوسرے مرحلے کا اختتام پاکستان ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوا جہاں فرانس کی ایسٹرڈ سیروٹے نے خواتین کا سنگلز ٹائٹل جیت لیا جبکہ تھائی لینڈ کی کامونوان یودپیتھ اور چین کی رو شی وو نے خواتین کے ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ویمنز ٹینس چیمپئن شپ ، فرانس کی ایسٹرڈ سیروٹے نے سنگلز ٹائٹل جیت لیا

مزید خبریں
اسلام آباد ۔17اکتوبر (اے پی پی):جُنید فیملی فاؤنڈیشن ورلڈ ٹینس ویمنز چیمپئن شپ 2026 کے دوسرے مرحلے کا اختتام پاکستان ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوا جہاں فرانس کی ایسٹرڈ سیروٹے نے خواتین کا سنگلز ٹائٹل جیت لیا جبکہ تھائی لینڈ کی کامونوان یودپیتھ اور چین کی رو شی وو نے خواتین کے ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فائنل مقابلوں میں خواتین سنگلز فائنل ایسٹرڈ سیروٹے (فرانس) نے کامونوان یودپیتھ (تھائی لینڈ) کو 3–6، 6–4، 6–2 سے شکست دی۔خواتین ڈبلز فائنل میں کامونوان یودپیتھ (تھائی لینڈ) / رو شی وو (چین) نے اناستاسیا کوپاریف (جرمنی) / سیویل یولدوشیوا (ازبکستان) کو 6–3، 4–6، [10–2] سے شکست دی۔
اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں 17 ممالک کی مجموعی طور پر 31 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ان میں فرانس، چین، روس، ڈنمارک، میکسیکو، ازبکستان، جنوبی افریقہ، نیدرلینڈز، کوریا، نیپال، جاپان، ہانگ کانگ، جرمنی، تھائی لینڈ، ترکیہ، جمہوریہ چیک اور پاکستان کی باصلاحیت خواتین ٹینس کھلاڑی شامل تھیں۔اس ٹورنامنٹ کے انعقاد میں جُنید فیملی فاؤنڈیشن نے بطور اسپانسر تعاون کیاجس کی قابلِ قدر معاونت پاکستان میں بین الاقوامی ٹینس کے فروغ اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔امریکہ کی پاکستان میں ناظم الامور، محترمہ ایچ ای نٹالی اے بیکر، نے اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ جُنید فیملی فاؤنڈیشن کے چیئرمین، جناب انصیر جُنید اور ان کی اہلیہ نے بطور مہمانانِ اعزاز شرکت کی اور فاتحین و رنرز اَپ میں انعامات تقسیم کیے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر عاصم الحق قریشی اورسیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل، بھی اختتامی تقریب میں موجود تھے اور انہوں نے چیمپئنز اور رنرز اَپ میں انعامات تقسیم کرنے میں حصہ لیا۔فرانس کی ٹینس کھلاڑی اروان ریضائی کو بھی ٹینس کے لیے ان کی قابلِ قدر خدمات اور شاندار کردار کے اعتراف میں ایک اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں، سفارت کاروں، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے عہدیداران، کھلاڑیوں، کوچز، والدین اور ٹینس کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جو پاکستان میں خواتین کی ٹینس اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر عاصم الحق قریشی نے چیمپئنز اور رنرز اَپ کو ان کی عمدہ کارکردگی پر مبارک باد دی۔
انہوں نے مہمانِ خصوصی ایچ ای نٹالی اے بیکر، انصیر جُنید اور تمام معزز مہمانوں کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں جُنید فیملی فاؤنڈیشن کے قابلِ قدر تعاون کو بھی سراہا۔اس چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد پاکستان ٹینس فیڈریشن کی جانب سے خواتین کی ٹینس کو فروغ دینے،پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے اور پاکستان کو بین الاقوامی ٹینس مقابلوں کےمیزبان ملک کے طور پر مزید مستحکم کرنے کی کوششوں میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔








