سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدیداور ماحول دوست بنانے کیلئے کوشاں ہے،بسوں کی پہلی کھیپ نومبر تک کراچی پہنچ جائے گی،شرجیل میمن

سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدیداور ماحول دوست بنانے کیلئے کوشاں ہے،بسوں کی پہلی کھیپ نومبر تک کراچی پہنچ جائے گی،شرجیل میمن

کراچی۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید بہتر، جدید اور ماحول دوست بنانے کیلئے کوشاں ہے جبکہ بسوں کی پہلی کھیپ نومبر 2026تک کراچی پہنچ جائے گی۔ ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے شنگھائی میں بس مینوفیکچرنگ کمپنیوں کے حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔شرجیل انعام میمن سے یوٹونگ بس مینوفیکچرر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر رابن شین نے ملاقات کی،

جس میں کمپنی کی جانب سے سندھ میں الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کیلئے تعاون اور معاونت کی پیشکش کی گئی جبکہ شرجیل انعام میمن نے ہائیگر بس کمپنی کے نائب صدر لیو ژینگ سے بھی ملاقات کی، جس میں کراچی میں ڈبل ڈیکر بسوں کو فعال بنانے کیلئے ان کی فراہمی کا عمل تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر کمپنی کے نمائندوں نے سینئر وزیر شرجیل میمن کو یقین دہانی کرائی کہ بسوں کی پہلی کھیپ نومبر 2026میں فراہم کر دی جائے گی۔

ملاقاتوں کے دوران گرین انرجی کے فروغ اور سندھ کے ٹرانسپورٹ نظام کو مزید موثر، متحرک اور جدید بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقاتوں میں سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ اسد ضامن اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔ اس موقع پر سینئر وزیرنے کہا کہ حکومتِ سندھ کراچی سمیت پورے صوبے میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بی آر ٹی کی مختلف لائنوں کو فعال اور آپریشنل بنانا اور عوام کو جدید، موثر اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا فروغ حکومتِ سندھ کی پالیسی کا اہم حصہ ہے، سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو موثر، جدید اور عوام دوست بنانے کے لیے سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔

 

مزید خبریں