سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز،پاکستان کاافتتاحی میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز،سلمان آغا کی شاندار سنچری

سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز،پاکستان کاافتتاحی میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز،سلمان آغا کی شاندار سنچری

راولپنڈی۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔ سلمان علی آغا کی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 305 رنز بنائے، جواب میں سری لنکن ٹیم 268 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاون رتھنائیکے اور جنتھ لیاناگے کی نصف سنچریاں بھی مہمان ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 107 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر سلمان آغا کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان کوسال مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 23 رنز کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 7 رنز بنا کر دلشان مدوشنکا کی گیند پر جنتھ لیاناگے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 32 کے مجموعی اسکور پر گری جب فخر زمان 16 رنز بنا کر دلشان مدوشنکا کی گیند پر سچندو کولمباجے کو کیچ دے بیٹھے۔ ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان بیٹر سعد بیگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 106 رنز تک پہنچا دیا۔ بابر اعظم 45 رنز بنا کر ایشان ملنگا کی گیند پر پاون رتھنائیکے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ سعد بیگ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 39 رنز بنانے کے بعد ایشان ملنگا کی گیند پر سچندو کولمباجے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سلمان علی آغا اور حسن نواز نے پانچویں وکٹ میں 97 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 215 تک پہنچا دیا۔

حسن نواز 37 رنز بنا کر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر پاون رتھنائیکے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کو چھٹا نقصان 279 رنز پر اٹھانا پڑا جب عرفات منہاس 18 رنز بنا کر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر کامندو مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 90 گیندوں پر 107 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 10 چوکے شامل تھے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی چوتھی سنچری ہے۔ فہیم اشرف 6 رنز بنا کر ایشان ملنگا کی گیند پر کامندو مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ نسیم شاہ اور حارث رؤف کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 305 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا سب سے کامیاب باؤلر رہے انہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنینڈو نے تین اور دلشان مدوشنکا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سری لنکا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاون رتھنائیکے نے 79 اور جنتھ لیاناگے نے 60 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں تاہم دونوں بیٹرز اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔ کامندو مینڈس 44، ڈاسن شناکا 28، کوسال مینڈس 18، اوشکا فرنینڈو 5، سہان آراچیگے 3، سچندو کولمباجے ایک، ایشان مالنگا 2 اور اسیتھا فرنینڈو 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔