چھاتی کا کینسر قابلِ علاج مرض ہے بشرطیکہ اس کی تشخیص ابتدائی مراحل میں ہو جائے، امجد حسین
چھاتی کا کینسر قابلِ علاج مرض ہے بشرطیکہ اس کی تشخیص ابتدائی مراحل میں ہو جائے، امجد حسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ 19 اکتوبر کا دن دنیا بھر میں چھاتی کے سرطان (بریسٹ کینسر) سے متعلق شعور و آگاہی بیدار کرنے کے لئےاہم ترین دن کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن کا بنیادی مقصد ہماری ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں میں اس بیماری کے حوالے سے پائی جانے والی ہچکچاہٹ اور خوف کو ختم کرنا، ابتدائی تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور احتیاطی تدابیر کو عام کرنا ہے۔
پیپلز میڈیا سیل سے جاری بریسٹ کینسر سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ چھاتی کا کینسر ایک قابلِ علاج مرض ہے بشرطیکہ اس کی تشخیص ابتدائی مراحل میں ہو جائے، اگر بیماری کی بروقت نشاندہی ہو جائے تو مناسب طبی علاج کے ذریعے مریض کی زندگی بچائی جا سکتی ہے، اسی لئے میں اپنے خطے کی تمام خواتین سے التماس کرتا ہوں کہ وہ اپنی صحت کو اولیت دیں، باقاعدگی سے خود تشخیصی معائنہ کریں اور کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں بغیر کسی خوف یا شرم کے فوراً طبی ماہرین سے رجوع کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اس بیماری سے جڑی خاموشی اور جھجھک اکثر علاج میں تاخیر کا سبب بنتی ہے جس سے خطرات بڑھ جاتے ہیں، یہ صرف خواتین کا نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ قومی و اخلاقی فرض ہے کہ ہم اس موضوع پر کھلے دل سے بات کریں اور آگاہی کا ماحول پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ گلگت بلتستان خطے کے تمام اضلاع میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے اور خواتین کے لئے کینسر کی تشخیص و علاج کے مواقع فراہم کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کے لئے پرعزم ہے، آئیے اس دن کی مناسبت سے ہم سب مل کر یہ عزم کریں کہ اس موذی مرض کے خلاف بیداری کی اس مہم کا حصہ بنیں گے، خوف و جھجھک کا خاتمہ کریں گے اور اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی صحت و زندگی کے تحفظ کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔








