بلی جین کنگ کپ: اردن کی قومی ٹینس ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی

بلی جین کنگ کپ: اردن کی قومی ٹینس ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری ٹینس چیمپئن شپ کے لئے ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ چیمپئن شپ 21 سے 24 اکتوبر 2026 تک پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس عالمی خواتین ٹیم ٹینس مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔مالدیپ، ایران، کویت اور قطر کے بعد اردن کی قومی ٹینس ٹیم بھی چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔

ایونٹ میں بحرین، بھوٹان، ایران، اردن، کویت، مالدیپ، پاکستان اور قطر سمیت آٹھ ممالک کی خواتین کھلاڑی حصہ لیں گی۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف انتظامیہ نے شریک ٹیموں کے وفود کا استقبال کیا اور پاکستان میں پہلی مرتبہ اس بین الاقوامی چیمپئن شپ کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کیا۔پی ٹی ایف قیادت کے مطابق اس ایونٹ کی میزبانی پاکستان میں ٹینس بالخصوص خواتین کی ٹینس کے فروغ کے عزم کی عکاس ہے۔ اس سے بین الاقوامی کھیلوں کے تعلقات مضبوط ہونے کے ساتھ پاکستانی کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ پر بین الاقوامی کھلاڑیوں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن نے چیمپئن شپ میں شریک تمام ٹیموں، آفیشلز اور وفود کے استقبال اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے جامع انتظامات کئے ہیں۔بلی جین کنگ کپ کی میزبانی پاکستان ٹینس کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے جو ملک میں بین الاقوامی ٹینس مقابلوں کے انعقاد کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کا مظہر ہے۔