چین کی مشہور ’’گوانگ ڈونگ مینز ہاکی ٹیم‘‘ کی پاکستان آمد ، پاکستان کی 7 مختلف ڈیپارٹمنٹل اور ڈومیسٹک ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی

چین کی مشہور ’’گوانگ ڈونگ مینز ہاکی ٹیم‘‘ کی پاکستان آمد ، پاکستان کی 7 مختلف ڈیپارٹمنٹل اور ڈومیسٹک ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے زیراہتمام بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور پاکستان و چین کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ایک اور اہم کڑی کے تحت چین کی مشہور ’’گوانگ ڈونگ مینز ہاکی ٹیم‘‘ دورہ پاکستان پر پہنچ گئی ہے۔ ​پاکستان پہنچتے ہی چینی ٹیم نے اپنے دورے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے اور نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم (سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد) میں اپنی پریکٹس و ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔

مہمان ٹیم اپنے اس دورے کے دوران پاکستان کی 7 مختلف ڈیپارٹمنٹل اور ڈومیسٹک ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی۔ ​دورہ پاکستان کے شیڈول کے مطابق ​19 اکتوبر کو پاکستان آمد کے بعد نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں ٹریننگ سیشن شام 3:30 سے 5:00 بجے تک منعقد ہوا۔ ​20 اکتوبر کو پہلا میچ ماری انرجیز کے ساتھ ماری انرجیز ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی میں شام 5:00 سے 6:30 بجے تک کھیلا جائے گا۔ ​21 اکتوبر کو دوسرا میچ پاک آرمی کے خلاف نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں دوپہر 3:30 سے شام 5:30 بجے کھیلا جائے گا۔

​22 اکتوبر کو آرام کا دن ہوگا۔ ​23 اکتوبر کو تیسرے میچ میں پاک نیوی مدمقابل ہوگی جو نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں دوپہر 3:30 سے شام 5:30 بجے تک کھیلا جائے گا۔ ​24 اکتوبر کو چینی ٹیم اسلام آباد سے لاہور روانہ ہوگی جہاں ​25 اکتوبر کو چوتھا میچ کھیلا جائے گا جس میں پاک کسٹمز کی ٹیم مدمقابل ہوگی اور یہ میچ ڈی ایچ اے ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شام 6:30 سے رات 8:30 بجے تک کھیلا جائے گا۔ ​26 اکتوبر کو پانچواں میچ پاک رینجرز کے خلاف ہوگا جو سپورٹس کمپلیکس نارووال میں دوپہر 3:30 سے شام 5:30 بجے تک ہوگا۔ ​27 اکتوبر کو آرام کا دن ہوگا جبکہ ​28 اکتوبر کو چھٹے میچ میں چینی ٹیم کا مقابلہ پاکستان انڈر-21 سے ہوگیا، یہ میچ نیشنل ہاکی سٹیڈیم گوجرہ میں دوپہر 3:30 سے شام 5:00 بجے تک کھیلا جائے گا۔

​29 اکتوبر کو ساتواں میچ پاک پولیس کے خلاف ہوگا جو ڈی ایچ اے ہاکی سٹیڈیم لاہور میں دوپہر 3:30 سے شام 5:00 بجے تک کھیلا جائے گا۔ ​30 اکتوبر کو چینی ٹیم کی وطن واپس روانہ ہوگی۔ ​پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کے مطابق اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں و ثقافت پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مقامی کھلاڑیوں کو بہترین بین الاقوامی تجربہ حاصل ہوگا۔