پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے زیر اہتمام بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری (بی) 2026 کی کیپٹنز میٹنگ، ٹرافی کی رونمائی اور آفیشل ڈرا ز کی تقریب منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی
بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری (بی) 2026 کی کیپٹنز میٹنگ، آفیشل ڈرا کی تقریب اور ٹرافی کی رونمائی

مزید خبریں
اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے زیر اہتمام بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری (بی) 2026 کی کیپٹنز میٹنگ، ٹرافی کی رونمائی اور آفیشل ڈرا ز کی تقریب منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اس عالمی خواتین ٹیم ٹینس مقابلے کی میزبانی ایک اہم سنگ میل ہے۔ تقریب میں بحرین، بھوٹان، ایران، اردن، کویت، مالدیپ، پاکستان اور قطر سمیت آٹھ شریک ممالک کے کپتانوں اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، کویت ٹینس فیڈریشن کے صدر عبدالرضا جے الغریب، پی ٹی ایف کے سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل (ر)، مووین پک ہوٹل اسلام آباد کے جنرل منیجر نکولس ورڈن، کوریا سے تعلق رکھنے والے عالمی ٹینس ریفری جیمن یو اور پی ٹی ایف کے ڈائریکٹر کرنل گل رحمان سمیت دیگر حکام اور میڈیا نمائندے بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی نے شریک ممالک کے کھلاڑیوں، کپتانوں، آفیشلز اور مہمانوں کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے پاکستان کو پہلی بار بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری کی میزبانی سونپنے پر عالمی ٹینس ادارے کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی پاکستان کی عالمی ٹینس ایونٹس کے انعقاد کی صلاحیت اور خواتین کی ٹینس کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے۔ اس ایونٹ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کھلاڑیوں کے خلاف اپنی صلاحیتیں آزمانے کے قیمتی مواقع بھی میسر آئیں گے۔ بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری (بی) 2026 کے مقابلے کل 21 اکتوبر سے پاکستان ٹینس فیڈریشن ٹینس کمپلیکس گارڈن ایونیو اسلام آباد میں شروع ہوں گے۔ ایونٹ 24 اکتوبر تک جاری رہے گا۔








